بھوپال: شاعر، ادیب، مصنف اور پروفیسر ڈاکٹر ارون اجیانی (ڈاکٹر ارون کھوبرے) کو کلاویوم کوی شری سمان 2026 سے نوازا گیا۔ سماجی و ثقافتی ادارے کلاویوم فاؤنڈیشن کی جانب سے ادب کے میدان میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں انہیں یہ اعزاز پیش کیا گیا۔
ماکھن لال چترویدی قومی صحافت و ابلاغ یونیورسٹی، بھوپال میں پروفیسر کے فرائض انجام دینے والے ڈاکٹر ارون کھوبرے، جو ادبی حلقوں میں ارون اجیانی کے نام سے بھی معروف ہیں، اس سے قبل بھی ادب کے شعبے میں متعدد اعزازات اور انعامات حاصل کر چکے ہیں۔
اس موقع پر ادارے کے عہدیداران اشوک شریمال، آلوک شرما، موہت کمار اور دیگر شخصیات موجود تھیں۔
قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ ڈاکٹر ارون کھوبرے نے دنیا کی سب سے بڑی ’’شری رام چرت مانس‘‘ تحریر کی ہے۔ گزشتہ سال ان کا نام لندن بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج کیا گیا تھا۔ اس سے قبل بھی ان کا نام او ایم جی بک آف ریکارڈ، بھارت ورلڈ ریکارڈ، میجک بک آف ریکارڈ، گلوبل گولڈ ٹیلنٹ بک آف ریکارڈ، ونڈر بک آف ریکارڈ، رائل سکسس انٹرنیشنل بک آف ریکارڈ اور گنیز ورلڈ ریکارڈ میں شامل ہو چکا ہے۔
انہیں اب تک اُتکرشٹھ لوک کوی سمان، سنت شری بھورا بھگت راشٹریہ رتن سمان، انڈین آئیکون ایوارڈ، ایکسٹرا آرڈنری پرسنالٹی آف انڈیا، اُتکرسٹ میڈیا گرو ٹیچر سمان، کٹیا ویبھوتی سمان، انڈیاز بیسٹ میڈیا ٹیچر ایوارڈ، ایکسٹرا آرڈنری پرسنالٹی آف ورلڈ، گلوبل ایپکس ایوارڈ اور راشٹر گورو سمان سمیت متعدد اعزازات سے نوازا جا چکا ہے۔
ایم سی یو میں تدریسی خدمات کے علاوہ وہ اٹل بہاری واجپائی ہندی یونیورسٹی کے شعبۂ صحافت و ابلاغِ عامہ میں شعبہ کے سربراہ اور کنٹرولر آف ایگزامینیشن کے عہدوں پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ڈاکٹر ارون کھوبرے نے کلاویوم کوی شری سمان 2026 کو بھگوان رام کے پرم بھگت شری ہنومان جی کے نام معنون کرتے ہوئے انہیں یہ اعزاز وقف کیا ہے۔








