بھوپال، 6 اگست: بھوپال کے لنک روڈ نمبر `2` پر واقع نگر نگم دفتر کا کانگریس کارکنوں نے جمعرات کو گھیراؤ کیا اور مرکزی دروازے پر نگر نگم کا پتلا نذر آتش کیا۔ سابق وزیر پی سی شرما، کانگریس کارپوریٹر یوگیندر سنگھ ’’گڈو‘‘ چوہان اور کانگریس رہنما شعیب خان کی قیادت میں ہونے والے احتجاج کے دوران حکومت اور نگر نگم کے خلاف نعرے بازی بھی کی گئی۔
پی سی شرما نے کہا کہ بھوپال گزشتہ `25` برس سے ماسٹر پلان کے بغیر چل رہا ہے، جس کا خمیازہ تاجروں کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رہائشی عمارتوں کے تجارتی استعمال اور غیر قانونی تعمیرات کے معاملے میں سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے نے ریاستی حکومت کو بڑا جھٹکا دیا ہے۔ ان کے مطابق نگر نگم عدالت میں اپنا مؤقف مؤثر انداز میں پیش نہیں کر سکا، جبکہ اب تاجروں کے خلاف کارروائی کی تیاری کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر ماسٹر پلان نافذ کرے اور عبوری راحت کے طور پر مکس لینڈ یوز نظام لاگو کیا جائے۔
کارپوریٹر یوگیندر سنگھ ’’گڈو‘‘ چوہان نے کہا کہ جب رہائشی علاقوں میں تجارتی سرگرمیوں کی اجازت ہی نہیں تو نگر نگم برسوں سے دکان داروں سے کمرشیل ٹیکس کیوں وصول کرتا رہا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وصول کی گئی رقم تاجروں کو واپس کی جائے۔ کانگریس رہنما شعیب خان نے کہا کہ اگر نگر نگم عدالت میں مضبوطی سے اپنا مؤقف رکھتا تو تاجروں کو بڑی راحت مل سکتی تھی۔
واضح رہے کہ بدھ کو سپریم کورٹ نے ریاستی حکومت کی تشکیل کردہ `10` رکنی جانچ کمیٹی کی کارروائی پر روک لگا دی تھی اور اس معاملے میں ہائی کورٹ کی جانب سے دکان داروں کو دی گئی تمام راحتیں بھی ختم کر دی تھیں۔ عدالت نے واضح کیا تھا کہ غیر قانونی تعمیرات اور اراضی کے استعمال کی خلاف ورزیوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔ اس کے بعد نگر نگم نے شہر میں کارروائی تیز کرنے کی تیاری شروع کر دی ہے۔









