بھوپال، 6 اگست: چوک بازار تاجریونین( ویاپاری سنگھ) نے موتی مسجد چوراہے کے سامنے نصب بیری کیٹ فوری طور پر ہٹانے، شہر میں ماسٹر پلان نافذ کرنے اور ٹریفک و پارکنگ کے مسائل کے حل کا مطالبہ کرتے ہوئے `7` اگست کو احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ تنظیم کے صدر ابھیشیک جین ’’ابّو‘‘ کی جانب سے جاری پریس نوٹ میں کہا گیا ہے کہ بیری کیٹ کی وجہ سے بازار کی سکیورٹی، تاجروں کے کاروبار اور عام لوگوں کی آمد و رفت شدید متاثر ہو رہی ہے۔
بیان کے مطابق `7` اگست کو موتی مسجد چوراہے پر تاجروں اور مقامی ساکنان کے ساتھ احتجاج کیا جائے گا۔ اس موقع پر تمام تاجروں سے بازار بند رکھ کر احتجاج کی حمایت کی اپیل کی گئی ہے۔ چوک بازار دوپہر `2` بجے تک بند رہے گا۔
تاجریونین نے مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں ماسٹر پلان فوری نافذ کیا جائے اور غیر منظم پارکنگ کا مستقل حل نکالا جائے، کیونکہ سڑکوں پر بے ترتیب کھڑی گاڑیاں ٹریفک جام کی بڑی وجہ بن رہی ہیں۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ غیر ضروری بیری کیٹنگ سے اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ مسلسل بڑھ رہا ہے، جس سے شہریوں کو روزانہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ شہر کے مختلف علاقوں کے تاجر بھی اس احتجاج کی حمایت کر رہے ہیں اور عوامی مفاد میں بیری کیڈ فوری طور پر ہٹایا جانا چاہیے۔









