بھوپال، 29 جون: راجدھانی بھوپال کے راتی بڑ تھانہ علاقے میں مدھیہ پردیش کے ریٹائرڈ اسپیشل ڈی جی شیلیش سنگھ، ان کے آئی پی ایل کرکٹر بیٹے ششانک سنگھ اور ایک ملازم (ڈرائیور) کے خلاف اپنے ہی باورچی کے ساتھ مار پیٹ، گالی گلوج اور بدسلوکی کرنے کا مقدمہ درج کیا گیا ۔ ریوا کے رہنے والے متاثرہ باورچی وپیندر سنگھ تومر نے الزام لگایا ہے کہ نیل بڑ میں واقع گھر پر کھانا پسند نہ آنے پر ان کے ساتھ گالی گلوج کی گئی، اور جب انہوں نے نوکری چھوڑنے کی بات کہی تو ان کا موبائل فون چھین کر انہیں زبردستی یرغمال بنا لیا گیا اور تینوں ملزمان نے مل کر انہیں بری طرح زدوکوب کیا۔ متاثرہ نوجوان نے روتے ہوئے اپنا ایک ویڈیو بھی جاری کیا ہے جس میں ان کے جسم اور چہرے پر چوٹوں کے نشانات صاف دیکھے جا سکتے ہیں۔
راتی بڑ تھانہ پولیس نے بتایا کہ شکایت موصول ہونے کے بعد متاثرہ اور گواہوں کے بیانات درج کیے گئے ہیں، جس کے بعد پیر کے روز بھارتیہ نیائے سنہتا (BNS) کی متعلقہ دفعات کے تحت ایف آئی آر (FIR) درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل 5 مئی 2026 کو بھی ودیشا کے ایک اور نوجوان راجیو وشوکرما نے ڈی جی پی کیلاش مکوانا سے تحریری شکایت کی تھی، جس میں انہوں نے سابق اسپیشل ڈی جی شیلیش سنگھ پر ملازمت کے دوران انہیں گھر میں بندھک بنانے، مار پیٹ کرنے اور پولیس میں اثر و رسوخ کا خوف دکھا کر جھوٹے کیس میں پھنسانے کی دھمکی دینے کا سنگین الزام لگایا تھا۔
بولیرو کی ٹکر سے خاتون ہلاک، شوہر اور معصوم بیٹی شدید زخمی
بھوپال، 29 جون: راجدھانی کے نبی باغ علاقے میں اتوار کی رات ایک تیز رفتار بولیرو نے اسکوٹر سوار خاندان کو پیچھے سے زوردار ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں ایک خاتون کی موت ہو گئی جبکہ ان کے شوہر اور سات سالہ بیٹی شدید طور پر زخمی ہو گئے ہیں۔ متوفیہ کی شناخت 28 سالہ تبسم (سکنہ بدھوارہ) کے طور پر ہوئی ہے، جو اپنے بھائی کے گھر دعوت سے فارغ ہو کر اپنے شوہر آفاق اور اکلوتی بیٹی طیبہ کے ساتھ واپس لوٹ رہی تھیں۔ حادثے کے بعد ملزم ڈرائیور گاڑی سمیت موقع سے فرار ہو گیا، تاہم پولیس نے سی سی ٹی وی فٹیج اور گاڑی کے نمبر کی مدد سے اس کی شناخت کر لی ہے اور تلاش جاری ہے۔
ٹکر اتنی زبردست تھی کہ بولیرو اسکوٹر کو کچلتی ہوئی نکل گئی، جس سے شدید زخمی تبسم نے پیر کی صبح علاج کے دوران دم توڑ دیا۔ زخمی شوہر اور معصوم بچی کو علاج کے لیے حمیدیہ اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ پولیس نے مروجہ قوانین کے تحت کیس درج کر کے کارروائی شروع کر دی ہے۔









