بھوپال، 19 جولائی: راجدھانی بھوپال کے ٹی ٹی نگر اسٹیڈیم میں ایم ایس بی ایجوکیشنل انسٹی ٹیوٹ، بھوپال (ایم پی 044) کو بھوپال زون کے لیے سی آئی ایس سی ای زونل ایتھلیٹک میٹ کی میزبانی کا شاندار موقع ملا۔ اس باوقار کھیل مقابلے میں میزبان اسکول کے علاوہ شہر کے مزید پانچ نامور اسکولوں؛ دی سنسکار ویلی اسکول، بلبونگ ہائی انٹرنیشنل اسکول، ماؤنٹ کارمل اسکول، سینٹ جوزف انٹرنیشنل اسکول اور کرائسٹ ہائر سیکنڈری اسکول نے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔ بھوپال داؤدی بوہرہ سماج کے رابطہ عامہ افسر ابراہیم علی داؤدی نے معلومات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ طالب علموں نے کھیل کے میدان پر زبردست ٹیلنٹ، پختہ ارادے اور بہترین اسپورٹس مین شپ کا مظاہرہ کیا۔ ایم ایس بی اسکول نے مجموعی طور پر۔41 تمغوں (20 گولڈ، 15 سلور اور۔6 برانز) کی شاندار کارکردگی کے ساتھ ٹورنامنٹ میں دوسرا مقام حاصل کیا۔ادارے کے لیے یہ انتہائی فخر کا مقام ہے کہ اس شاندار مظاہرے کی بدولت ایم ایس بی ایجوکیشنل انسٹی ٹیوٹ کے۔16 طلبہ نے جبل پور میں آئندہ ہفتے منعقد ہونے والے سی آئی ایس سی ای ریجنل ایتھلیٹک مقابلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے، جہاں وہ اپنے اسکول کی نمائندگی کریں گے۔ اسکول انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سیدنا صاحب کی دعاؤں، سرپرستوں کی حوصلہ افزائی اور اسکول مینجمنٹ کے پختہ تعاون کی وجہ سے یہ پورا ایونٹ کامیابی کے ساتھ ہمکنار ہوا ہے۔









