پٹنہ 21اپریل: بہار کے نو منتخب وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے سابق نائب وزیر اعلیٰ وجے کمار سنہا کے ایک بڑے فیصلے کو پلٹ دیا ہے۔ ریاستی حکومت نے طویل عرصہ سے ہڑتال پر ڈٹے ریونیو ملازمین کو بڑی راحت دی ہے۔ محکمہ ریونیو اینڈ لینڈ ریفارمز نے معطل ریونیو ملازمین کو راحت دینے کا اعلان کیا ہے۔ واضح رہے کہ 14 اپریل تک محکمہ ریونیو اور لینڈ ریفارمز کی ذمہ داری سنبھال رہے سابق نائب وزیر اعلیٰ وجے کمار سنہا نے ہڑتال پر گئے ریونیو ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کی تھی۔ وجے سنہا نے 224 ریونیو ملازمین کو معطل کر دیا تھا۔ یہ ملازمین اپنے مختلف مطالبات کو لے کر 11 فروری سے غیر معینہ مدت کے لیے ہڑتال پر تھے۔ اس کے بعد 9 مارچ سے سی او اور ریونیو افسران بھی ہڑتال پر چلے گئے۔ ان میں سے بھی 45 افسران کو معطلی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اب وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے تمام ملازمین کی معطلی واپس لے لی ہے اور انہیں جلد از جلد بحال کرنے کا حکم دیا ہے۔ حکم میں کہا گیا ہے کہ 11 فروری سے 19 اپریل کے درمیان معطل کیے گئے تمام ملازمین کی بحالی جلد از جلد شروع کی جائے۔قابل ذکر ہے کہ بہار میں فی الحال مردم شماری چل رہی ہے۔
ملازمین کی ہڑتال کی وجہ سے اس اہم کام میں رکاوٹ آ رہی تھی۔ گزشتہ ڈھائی مہینوں سے ہڑتال کی وجہ سے زونل دفاتر میں زمین سے متعلق کاغذی کام مکمل طور سے رکے ہوئے تھے، جس کی وجہ سے لوگ پریشان تھے۔ حکومت چاہتی ہے ک انتظامی کام بغیر کسی رکاوٹ کے دوبارہ شروع ہوں، اس لیے ان ملازمین کو راحت دی گئی ہے۔









