بھوپال:30؍اکتوبر:نائب وزیر اعلیٰ مسٹر جگدیش دیوڑا نے کہا ہے کہ آیوروید صرف علاج کا ایک طریقہ نہیں بلکہ بھارت کی قدیم علمی روایت اور صحت مند طرزِ زندگی کی بنیاد ہے۔ آیوروید نے صدیوں سے انسانی زندگی کو بیماریوں سے پاک رکھنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ آج پوری دنیا بھارتی آیوروید کی سائنسی بنیادوں اور افادیت کو تسلیم کر رہی ہے۔ وزیر اعظم مسٹر نریندر مودی کی قیادت میں بھارتی روایتی طریقہ ہائے علاج کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر نئی شناخت ملی ہے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو کی قیادت میں مدھیہ پردیش حکومت بھی آیوروید کے طریق علاج کے تحفظ، فروغ اور توسیع کے لیے پْرعزم ہے۔
نائب وزیر اعلیٰ مسٹر دیوڑا جمعہ کے روز بھوپال کے پنڈت خوشی لال شرما سرکاری آیوروید کالج کے رجت جینتی آڈیٹوریم میں بھائی اْدھو داس مہتا اسمرتی نیاس کے زیرِ اہتمام منعقدہ دھنونتری پوجا، سینئر آیوروید معالجین کے اعزاز اور وید اْدھو داس مہتا آل انڈیا آیوروید پی جی مضمون نویسی مقابلہ 2026 کی انعامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے بھگوان دھنونتری کی پوجا کرکے ریاست کے باشندوں کی صحت مند اور بیماریوں سے پاک زندگی کے لیے دعا کی۔ اس موقع پر انہوں نے آیوروید کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دینے والے ممتاز معالجین کو اعزاز سے نوازا اور مقابلے کے فاتح طلبہ کو انعامات پیش کیے۔نائب وزیر اعلیٰ مسٹر دیوڑا نے کہا کہ بھارتی ثقافت میں صحت کو سب سے بڑی دولت تصور کیا گیا ہے۔ آیوروید ہمیں بیماریوں کے علاج کے ساتھ متوازن غذا، منظم روزمرہ معمولات اور فطرت کے مطابق زندگی گزارنے کی ترغیب دیتا ہے۔ موجودہ دور میں طرزِ زندگی سے متعلق بیماریوں کے بڑھتے ہوئے چیلنجوں کے درمیان آیوروید کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جدید طبی سائنس کے ساتھ آیوروید کے شعبے میں تحقیق، اختراع اور سائنسی مطالعے کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے۔
نائب وزیر اعلیٰ مسٹر دیوڑا نے کہا کہ آیوروید کے سینئر معالجین کا تجربہ اور نوجوان طلبہ کی تحقیقی صلاحیتیں مل کر بھارتی طریق? علاج کو نئی بلندیوں تک پہنچا سکتی ہیں۔ انہوں نے بھائی اْدھو داس مہتا اسمرتی نیاس کی جانب سے آیوروید کے معالجین کو اعزاز دینے اور طلبہ کی حوصلہ افزائی کرنے کی پہل کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی تقریبات نہ صرف ہماری قدیم طبی وراثت کو محفوظ رکھنے کا کام کرتی ہیں بلکہ نئی نسل کو آیوروید کے شعبے میں بہترین کام کرنے کی ترغیب بھی دیتی ہیں۔بھائی اْدھو داس مہتا اسمرتی نیاس کی جانب سے گزشتہ 29 برسوں سے آیوروید کے ممتاز معالجین کو اعزاز سے نوازا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ گزشتہ 13 برسوں سے عالمی آیوروید پریشد کے تعاون سے آل انڈیا آیوروید پی جی مضمون نویسی مقابلہ منعقد کرکے طلبہ کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔ مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علم کو 21 ہزار روپے، دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علم کو 11 ہزار روپے اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علم کو 7 ہزار روپے کی انعامی رقم کے ساتھ شال، ناریل اور توصیفی سند پیش کی گئی۔
تقریب کی صدارت آروگیہ بھارتی کے آل انڈیا تنظیمی سکریٹری مسٹر اشوک وارشنے نے کی۔ نیشنل کمیشن فار انڈین سسٹم آف میڈیسن (این سی آئی ایس ایم)، نئی دہلی کی چیئرپرسن ویدیا منیشا اْپیندر کوٹھیکر، رکنِ اسمبلی مسٹر بھگوان داس سبنانی اور سابق وزیر و بھائی اْدھو داس نیاس کے صدر مسٹر اوماشنکر گپتا بھی موجود تھے۔