دہرہ دون 30اکتوبر: اتراکھنڈ میں جوشی مٹھ کے قریب آج ایک ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہو گیا۔ ہیلی کاپٹر بدری ناتھ دھام سے واپس لوٹ رہا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ ہیلی کاپٹر میں پائلٹ سمیت 6 افراد سوار تھے، جن میں 5 مسافر شامل تھے۔ غیر مصدقہ ذرائع کے حوالہ سے بتایا جا رہا ہے کہ اس حادثہ میں تمام 6 افراد کی موت ہو گئی ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی انتظامیہ کی ٹیم کو جائے وقوع کے لیے روانہ کر دیا گیا تھا۔ چمولی کے ایڈیشنل ضلع مجسٹریٹ وویک پرکاش نے بتایا کہ علاقہ میں ہیلی کاپٹر کی تلاش کے لیے تلاشی اور راحت و بچاؤ مہم شروع کر دی گئی ہے۔
دراصل، ہیلی کاپٹر بدری ناتھ دھام میں کچھ لوگوں کو درشن کرانے کے بعد واپس لوٹ رہا تھا، جو جوشی مٹھ کے قریب اچانک لاپتہ ہو گیا تھا۔
موصولہ اطلاع کے مطابق ہیلی کاپٹر بدری ناتھ سے پرواز بھر کر واپس آ رہا تھا، لیکن جوشی مٹھ کے مرواری علاقہ کے قریب چائے گاؤں کی پہاڑی کے نزدیک ہیلی کاپٹر سے رابطہ منقطع ہو گیا۔ اس کے بعد خدشہ ظاہر کیا گیا تھا کہ ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہو گیا ہے۔ ہیلی کاپٹر ٹرانس بھارت کمپنی کا بتایا جا رہا ہے، جس کا رجسٹریشن نمبر وی ٹی-ایچ سی ایکس ہے۔
اس حادثہ کی خبر ملنے کے بعد اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے شدید افسوس ظاہر کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ جوشی مٹھ کے پاس چائی گاؤں میں ہیلی کاپٹر حادثہ کی خبر افسوسناک ہے۔ ضلع انتظامیہ، ڈیزاسٹر مینجمنٹ محکمہ اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیمیں مل کر ریسکیو آپریشن چلا رہی ہیں۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ وہ پورے واقعہ پر لگاتار نظر بنائے ہوئے ہیں۔ حادثہ زدہ ہیلی کاپٹر کی تلاش میں 2 ہیلی کاپٹر بھی لگائے جانے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں، لیکن خراب موسم کے سبب حادثہ زدہ ہیلی کاپٹر کا صحیح لوکیشن پتہ نہیں چل پا رہا ہے۔