تہران، 9 اپریل (یو این آئی) ایران کے صدر مسعود پزشکیان کا کہنا ہے کہ لبنان پر حملے جنگ بندی مذاکرات کو بے معنی بنا دیں گے۔ اپنے بیان میں ایرانی صدر نے کہا کہ لبنان میں اسرائیل کے حملوں سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی ہوئی ہے، ایران لبنانی عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گا۔ علاوہ ازیں ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر قالیباف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جنگ بندی تجاویز میں لبنان اور تمام مزاحمتی محور شامل ہیں، جنگ بندی خلاف ورزیوں کی بھاری قیمت اور ان کا سخت ردعمل ہوگا۔
محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ بات چیت سے پہلے ہی 10 نکاتی تجاویز کے 3 اہم نکات کی خلاف ورزی کر دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی فضائی حدود میں ڈرون کی دراندازی ہوئی، ایران کے یورینیئم افزودگی کے حق کی نفی کی گئی اور لبنان میں بھی جنگ بندی کی خلاف ورزی کی گئی۔ باقر قالیباف نے مزید کہا کہ اس ساری صورتحال میں دو طرفہ جنگ بندی یا مذاکرات غیر معقول ہیں۔ ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر کے بیان پر ردعمل میں امریکی نائب صدر نے کہا کہ قالیباف کا ٹوئٹ دیکھا ہے، یہ پندرہ نکاتی پلان ہے، اگر صرف تین نکات پر اختلاف ہے تو اچھی بات ہے کہ بہت سی باتوں پر اتفاق ہے۔
دو آئی اے ایس افسران معطل
چنڈی گڑھ، 9 اپریل (یو این آئی) ہریانہ حکومت نے ریاستی انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس (آئی اے ایس) کیڈر کے دو افسران، 2011 بیچ کے پردیپ کمار اور 2012 بیچ کے رام کمار سنگھ کو معطل کر دیا ہے۔انتظامی ماہر ایڈوکیٹ ہیمنت کمار کے مطابق پردیپ کمار 30 جون 2026 کو ریٹائر ہونے والے ہیں جب کہ رام کمار سنگھ کی ریٹائرمنٹ 30 نومبر 2027 کو طے ہے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ آل انڈیا سروسز (آئی اے ایس، آئی پی ایس، آئی ایف ایس) ڈسپلنری اینڈ اپیل رولز، 1969 کے تحت، جب کوئی ریاستی حکومت کسی افسر کو معطل کرتی ہے تو اسے 48 گھنٹے کے اندر مرکزی حکومت اور متعلقہ کیڈر کنٹرولنگ اتھارٹی کو مطلع کرنا لازمی ہے۔ 15 دن کے اندر تفصیلی رپورٹ بھی پیش کی جائے۔