نئی دہلی 20اپریل: کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے آج انتخابی تشہیر کرنے کے مقصد سے مغربی بنگال کے کوچ بہار پہنچے۔ یہاں انھوں نے مودی حکومت اور لوک سبھا میں گرنے والے خواتین ریزرویشن سے متعلق بل پر کھل کر اپنی بات رکھی۔ انھوں نے ایک جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’2023 میں خواتین ریزرویشن بل کو ایوان میں اتفاق رائے سے پاس کیا گیا، لیکن نریندر مودی اس بل کو 30 ماہ تک تکیے کے نیچے رکھ کر سو گئے۔ اس کے بعد جب ریاستوں میں انتخاب آیا، تب نریندر مودی کی نیند کھلی۔‘‘ کانگریس صدر نے پی ایم مودی کو خواتین مخالف قرار دیا اور کہا کہ وہ صرف دکھاوے کے لیے خواتین ریزرویشن بل لوک سبھا میں لے کر آئے تھے۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’حقیقت یہی ہے کہ نریندر مودی اور بی جے پی خواتین مخالف ہیں۔ ان لوگوں نے کبھی بھی خواتین کے مفاد میں کام نہیں کیا۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’کانگریس ہمیشہ خواتین کے حقوق کے لیے لڑتی رہی ہے۔ ہم خواتین کو ریزرویشن دلوا کر رہیں گے۔‘‘ وزیر اعظم کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کھڑگے نے کہا کہ ’’نریندر مودی کہتے ہیں کانگریس اور اپوزیشن نے مل کر خواتین ریزرویشن بل کو گرا دیا۔ جبکہ حقیقت یہ ہے کہ کانگریس اور اپوزیشن پارٹیوں نے حد بندی بل کو گرایا ہے۔‘‘ کانگریس پر خواتین کے حقوق تلف کرنے سے متعلق پی ایم مودی کے الزام کا جواب دیتے ہوئے کھڑگے نے کہا کہ ’’کانگریس میں شروع سے لے کر اب تک کئی خواتین پارٹی صدر سمیت دیگر بڑے عہدوں پر رہیں، لیکن بی جے پی نے آج تک کسی خاتون کو پارٹی صدر تک نہیں بنایا۔ کانگریس تو ملک کے سبھی طبقات کو ساتھ لے کر چلنے والی پارٹی ہے، جبکہ بی جے پی کا کام لوگوں کے درمیان جھگڑا لگانے کا ہے۔









