بھوپال:29؍اکتوبر:مردم شماری 2027 سے وابستہ تمام محکمے حساسیت اور باہمی اشتراک کے ساتھ مقررہ مدت کے اندر کیلنڈر کے مطابق کارروائی یقینی بنائیں، تاکہ حکومتِ ہند کے منشا کے مطابق مردم شماری کے ضروری اعداد و شمار جمع کیے جا سکیں۔ چیف سکریٹری مسٹر اشوک برنوال نے جمعرات کو وزارت میں ہندوستان کی مردم شماری کے لیے تشکیل دی گئی مدھیہ پردیش ریاستی سطح کی مردم شماری رابطہ کمیٹی کی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے یہ توقع ظاہر کی۔ میٹنگ میں مردم شماری کے ڈائریکٹر جنرل مسٹر سنجیو شریواستو سمیت متعلقہ محکموں کے ایڈیشنل چیف سکریٹری اور محکموں کے سربراہان موجود تھے۔چیف سکریٹری مسٹر برنوال نے اس بار کی مردم شماری کو پہلی ڈیجیٹل مردم شماری قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی کوششیں کی جائیں کہ زیادہ سے زیادہ شہری خود شماری کے تحت اپنی معلومات خود درج کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کے لیے آئی گوٹ پر ایک مختصر ماڈیول تیار کرکے اپ لوڈ کیا جائے، کالجوں میں طلبہ کو خود شماری کا فارم بھرنے کی تربیت دی جائے اور مختلف ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا پلیٹ فارموں پر بھی خود شماری کے فارم بھرنے سے متعلق مختصر ویڈیوز اپ لوڈ کرکے شہریوں میں پھیلائی جائیں۔ انہوں نے اس کام میں نجی شعبے اور سرکاری اداروں کو بھی شامل کرنے کی ضرورت بتائی۔چیف سکریٹری مسٹر برنوال نے ہدایات دیں کہ مردم شماری کے مختلف مراحل کے بارے میں شہریوں کو بیدار کیا جائے اور جھانکیوں، ریلیوں، کلا پاتھک دستوں، لوک فنکاروں، سوشل میڈیا، سنیما ہالوں، ریڈیو اور ٹیلی ویژن سمیت تمام ذرائع سے وسیع پیمانے پر تشہیر کی جائے۔ انہوں نے اس وسیع کام کے لیے تقریباً 2 لاکھ شمار کنندگان اور نگرانوں کے علاوہ دیگر انتظامی عملے کا انتظام بھی سرکاری محکموں کے ذریعے ہی کرنے کی ہدایات دیں۔ انہوں نے اس ماہ کی 12 اور 13 نومبر کو اضلاع سے آنے والے ماسٹر ٹرینرز کو پوری سنجیدگی کے ساتھ تربیت دینے کے ساتھ ہی نومبر کے تیسرے ہفتے میں کلکٹروں اور میونسپل کارپوریشن کمشنروں کی ریاستی سطح کی تربیت اور کانفرنس منعقد کرنے کی ہدایات دیں۔میٹنگ کے آغاز میں ڈائریکٹر مردم شماری نے مردم شماری 2027 کے خاکے، ابتدائی تیاریوں، ڈیجیٹل روڈ میپ اور تنظیمی ڈھانچے وغیرہ کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ ہندوستان کی مردم شماری 2027 ملک کی پہلی ایسی مردم شماری ہوگی جو ڈیجیٹل ذرائع سے انجام دی جائے گی، جس میں موبائل ایپ کے ذریعے ڈیٹا جمع کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی اس پورے کام کی نگرانی اور انتظام ویب پورٹل کے ذریعے کیا جائے گا۔ اس بار کی مردم شماری میں خود شماری (Self-Enumeration) کا انتظام بھی کیا گیا ہے، جس کے تحت عام شہری اپنی معلومات خود درج کر سکیں گے۔
میٹنگ میں بتایا گیا کہ نمونے کے طور پر ضلع سیونی کی کْرئی تحصیل کے کچھ منتخب گاؤں اور ضلع گوالیار میں میونسپل کارپوریشن گوالیار کے منتخب وارڈ میں جولائی 2026 میں یہ کام کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیا گیا ہے۔ ڈائریکٹر مردم شماری نے پیشگی آزمائشی کام کے تجربات کمیٹی کے سامنے پیش کیے۔ مدھیہ پردیش میں مردم شماری 2027 کا دوسرا مرحلہ، یعنی آبادی کی گنتی، جنوری-فروری 2027 میں انجام دیا جائے گا۔
چیف سکریٹری مسٹر برنوال نے محکمہ اسکولی تعلیم کو ہدایات دیں کہ وہ مردم شماری کے اس دوسرے مرحلے کو مدنظر رکھتے ہوئے سال 2027 کے امتحانات کا انعقاد کرے۔ اس کے علاوہ انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کو بھی ہدایت دی کہ وہ آپس میں تال میل قائم کرتے ہوئے مردم شماری 2027 کے لیے افرادی قوت کی دستیابی کا منصوبہ تیار کریں، تاکہ مدھیہ پردیش میں مردم شماری کا کام ہموار طریقے سے مکمل ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ مردم شماری کا کام مکمل ہونے تک انتظامی حدود میں کوئی تبدیلی نہ کی جائے اور حتی الامکان جنوری سے مارچ 2027 کے دوران تبادلے نہ کیے جائیں۔
چیف سکریٹری مسٹر برنوال نے تمام متعلقہ محکموں کو یہ ہدایت بھی دی کہ وہ مردم شماری 2027 کے کام میں تال میل کے لیے اپنے اپنے محکموں میں ایک نوڈل افسر نامزد کریں۔ محکمہ تعلقاتِ عامہ کو بھی عام شہریوں میں مردم شماری کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لیے وسیع پیمانے پر تشہیر کرنے کی ہدایات دی گئیں۔








