دیواس:13؍نومبر(پریس ریلیز)، مدھیہ پردیش آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (AIMIM) کی دیواس ضلع کی تنظیمی میٹنگ بھوپال میں کامیابی کے ساتھ منعقد ہوئی۔ میٹنگ میں پارٹی کی مضبوطی، تنظیم کے توسیعی کام اور آئندہ سیاسی حکمت عملی پر اہم تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر اے آئی ایم آئی ایم مدھیہ پردیش کے ریاستی صدر جناب محسن علی خان نے تنظیمی ذمہ داری سونپتے ہوئے عرب علی خان کو اے آئی ایم آئی ایم دیواس ضلع کا صدر مقرر کیا۔ نو منتخب ضلع صدر عرب علی خان کو مبارکباد دیتے ہوئے ریاستی صدر محسن علی خان نے امید ظاہر کی کہ وہ پوری ذمہ داری، محنت اور لگن کے ساتھ پارٹی تنظیم کو مضبوط بنائیں گے اور ضلع میں پارٹی کے نظریات اور پالیسیوں کو عوام تک پہنچانے کا کام کریں گے۔
ریاستی صدر محسن علی خان نے کہا کہ آنے والے وقت میں دیواس ضلع سمیت پورے مدھیہ پردیش میں اے آئی ایم آئی ایم کی تنظیم مزید مضبوطی کے ساتھ کام کرے گی۔ پارٹی کا مقصد زمینی سطح پر تنظیم کو وسعت دینا، نئے لوگوں کو جوڑنا اور عوام کی آواز کو مضبوطی سے اٹھانا ہے۔ انہوں نے کارکنوں سے متحد ہوکر تنظیم کے لیے محنت کرنے کی اپیل بھی کی۔عرب علی خان کی تقرری کو دیواس ضلع میں اے آئی ایم آئی ایم کی تنظیمی توسیع کی سمت ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔