نئی دہلی13نومبر: کانگریس نے ملک میں بڑھتی مہنگائی کو لے کر جمعہ کے روز وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت کو نشانہ بنایا اور الزام لگایا کہ قیمتوں میں مسلسل اضافے نے عام لوگوں کے گھریلو بجٹ کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ پارٹی نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ یہ امرت کال نہیں بلکہ مہنگائی کا بھونچال ہے، جس نے عام آدمی کی زندگی مشکل بنا دی ہے۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں دعویٰ کیا کہ ملک میں خوردہ مہنگائی کی شرح دو سال کی بلند ترین سطح 6.09 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ ان کے مطابق، 12 میں سے 11 اشیائے صرف کے زمروں میں مہنگائی میں اضافہ درج کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ غذائی مہنگائی کی شرح بھی بڑھ کر 8.94 فیصد تک پہنچ گئی ہے، جس کا براہ راست اثر عام لوگوں کے روزمرہ اخراجات پر پڑ رہا ہے۔جے رام رمیش نے دعویٰ کیا کہ پیاز کی قیمتوں میں 116 فیصد، لہسن میں 60 فیصد اور ادرک کی قیمتوں میں 48 فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آٹا، تیل، گھی، دودھ، دال اور صابن جیسی روزمرہ استعمال کی ضروری اشیا بھی مسلسل مہنگی ہو رہی ہیں۔ ان کے مطابق، مہنگائی کا دباؤ اس قدر بڑھ گیا ہے کہ کمپنیاں قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ مصنوعات کی مقدار کم کرنے پر بھی غور کر رہی ہیں، جس سے صارفین پر دوہرا بوجھ پڑ سکتا ہے۔ کانگریس لیڈر نے خدشہ ظاہر کیا کہ شرح سود میں اضافے سے عام لوگوں کے لیے قرض حاصل کرنا مزید مہنگا ہو سکتا ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ مودی حکومت کی غلط پالیسیوں کے سبب عوام کو مسلسل مہنگائی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور ان کی آمدنی کے مقابلے میں اخراجات بڑھتے جا رہے ہیں۔ جے رام رمیش نے حکومت پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت میں مہنگائی ڈائن نہیں رہی بلکہ اب وہ ایک بن بلایا مہمان بن کر ہر گھر کے بجٹ کو نگل رہی ہے۔









