بھوپال، 18 جولائی: مدھیہ پردیش میں مانسون کی آمد کے باوجود کئی علاقوں میں خاطر خواہ بارش نہ ہونے کی وجہ سے کسان اور عام لوگ شدید فکر مند ہیں۔ اسی دوران راجدھانی بھوپال کے کولار تراہے پر واقع ایک گیسٹ ہاؤس کے سامنے اچھی بارش کی امید میں لوگوں نے ایک انوکھا روایتی ٹوٹکا آزمایا، جہاں بارش کے دیوتا ‘اندر دیو کو خوش کرنے کے لیے گدھوں کو گلاب جامن کھلائے گئے۔ سماجی کارکن مجاہد صدیقی نے بتایا کہ ریاست میں بارش کی کمی کے باعث کسان بوائی کے بعد پریشان ہیں اور جہاں مختلف مذاہب کے لوگ مندروں، مسجدوں اور گرودواروں میں دعائیں مانگ رہے ہیں، وہیں مالوا، نِماڑ، کھنڈوا اور برہانپور کے خطوں کی برسوں پرانی عوامی روایت کے تحت گدھوں کو مٹھائی کھلا کر یہ انوکھا طریقہ اپنایا گیا تاکہ صوبے میں خوشحالی اور اچھی بارش ہو۔ اس عجیب و غریب منظر کو دیکھنے کے لیے وہاں لوگوں کا ہجوم اکٹھا ہو گیا اور اس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔









