آسام 14اپریل: آسام اسمبلی انتخاب کے دوران سیاسی بیان بازی اب ذاتی الزامات کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔ آسام جاتیہ پریشد (اے جے پی) کی امیدوار کُنکی چودھری کی ماں، سُجاتا گرونگ چودھری نے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما کے خلاف قومی کمیشن برائے خواتین (این سی ڈبلیو) میں شکایت درج کرائی ہے۔ 11 اپریل کو درج شکایت میں سجاتا چودھری نے الزام عائد کیا کہ وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما نے انتخابی مہم کے دوران ان کے خلاف جھوٹے، بے بنیاد اور بدنیتی پر مبنی بیان دیے۔ ان کا کہنا ہے کہ ان بیانوں کا مقصد ان کی شبیہ خراب کرنا اور ان کی بیٹی کُنکی چودھری کو سیاسی طور پر نشانہ بنانا تھا۔ واضح رہے کہ 2 اپریل کو انتخابی مہم کے دوران ہیمنت بسوا سرما نے دعویٰ کیا تھا کہ سجاتا گرونگ چودھری نے سوشل میڈیا پر بیف کھانے سے متعلق پوسٹ شیئر کی تھی، کچھ طبقوں کے خلاف قابل اعتراض تبصرے کیے اور پاکستان کی حمایت کی۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ وہ کنکی چودھری کے والدین کے خلاف کارروائی کریں گے۔ ان الزامات کو خارج کرتے ہوئے سجاتا چودھری نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے ذریعہ دکھائی گئی تصویر گمراہ کن ہے۔ ان کے مطابق یہ تصویر امریکہ کے ڈینور میں واقع انٹرنیشنل چرچ آف کینبس (آئی سی سی) میں لی گئی تھی، جہاں وہ جس چیز کو پکڑے ہوئی تھیں وہ بیف نہیں بلکہ تکیہ (پلو) تھا۔ انہوں نے آئی سی سی کے ڈائریکٹر اسٹیو برکے کا ایک خط بھی منسلک کیا ہے۔
جس میں اس بات کی تصدیق کی گئی ہے۔