ہریانہ اسمبلی انتخاب: کانگریس امیدوار ونیش پھوگاٹ نے جولانا سیٹ سے پرچۂ نامزدگی کیا داخل

0
5

چنڈی گڑھ 11ستمبر: ہریانہ اسمبلی انتخاب کے پیش نظر سبھی پارٹیوں کے امیدواروں کا پرچہ نامزدگی داخل کرنا جاری ہے۔ آج مشہور خاتون پہلوان اور کانگریس امیدوار ونیش پھوگاٹ نے جیند ضلع کی جولانا اسمبلی سیٹ سے اپنا پرچۂ نامزدگی داخل کیا۔ کشتی سے سیاست میں قدم رکھنے والی ونیش پھوگاٹ کچھ دنوں قبل ہی کانگریس میں شامل ہوئی تھیں اور اپنے سیاسی کیریئر کو لے کر وہ انتہائی پُرجوش ہیں۔ آج جب ونیش پھوگاٹ جولانا اسمبلی سیٹ سے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کر رہی تھیں، تو اس دوران روہتک سے کانگریس رکن پارلیمنٹ دیپندر ہڈا اور سونی پت کے رکن پارلیمنٹ ستپال برہمچاری بھی ان کےس اتھ موجود تھے۔ آئندہ ماہ ہونے والے انتخاب کے لیے نامزدگی پرچہ داخل کرنے کا کل یعنی 12 ستمبر کو آخری دن ہے۔ یعنی جو امیدوار اب تک اپنا پرچہ نامزدگی داخل نہیں کر سکے ہیں، ان کے لیے کل آخری موقع ہوگا۔ ونیش پھوگاٹ کے ذریعہ پرچۂ نامزدگی داخل کرنے کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے دیپندر ہڈا نے کہا کہ ونیش پھوگاٹ کے لیے پارٹی ’بڑی جیت‘ حاصل کرے گی۔ انھوں نے یقین دلایا کہ بھوپندر سنگھ ہڈا کی قیادت میں کانگریس ہریانہ اسمبلی انتخاب میں مکمل اکثریت حاصل کرے گی اور حکومت تشکیل دے گی۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’’لوگوں نے ذہن تیار کر لیا ہے کہ ہڈا صاحب کی قیادت میں کانگریس کو اقتدار میں لانا ہے اور بی جے پی کو باہر کرنا ہے۔‘