لکھنو22اکتوبر: سماجوادی پارٹی (ایس پی) کے قومی صدر اکھلیش یادو سابق ریاستی وزیر اعظم خان سے ملاقات کرنے رامپور جیل پہنچے۔ اکھلیش یادو نے جیل میں اعظم خان اور ان کے بیٹے عبداللہ اعظم خان سے تقریباً ایک گھنٹے تک ملاقات کی۔ اعظم خان سے ملاقات کے بعد اکھلیش یادو نے بتایا کہ ان کی اعظم خان سے کافی لمبی بات ہوئی ہے۔ اکھلیش یادو نے بی جے پی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ ’’سچائی کبھی نہ کبھی تو سامنے آئے گی۔ جب سچائی سامنے آئے گی تو انہیں سماج، ملک اور قانون کو جواب دینا ہوگا۔ رامپور کے جذبات کو کچل دیا گیا ہے۔ یہاں رام راج کے تصور کو ختم کیا جا رہا ہے۔‘‘ اکھلیش یادو نے مزید کہا کہ ’’ اعظم خان صاحب سماجی انصاف کے لیے کام کر رہے ہیں اور اسی سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ اعظم تھے، اعظم ہیں اور اعظم رہیں گے۔ کسی سیاسی خاندان کے ساتھ اتنا ظلم نہیں ہوا ہوگا جتنا اعظم خان صاحب کے خاندان کے ساتھ ہوا ہے؟ اور ظلم کرنے والے کون ہیں؟ بدعنوان افسران فرضی مقدمے درج کرتے ہیں۔ اب تو وہ بھی ان کا ساتھ چھوڑ رہے ہیں۔ اعظم خان نے یونیورسٹی کا جو خواب دیکھا تھا، اسے سماجوادی پارٹی پورا کرے گی۔‘‘
اعظم خان سے ملاقات کے بعد اکھلیش یادو نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’سماجوادی پارٹی کا ہدف واضح ہے۔ ہمارا مقصد بی جے پی کو شکست دینا ہے اور سماجوادی پارٹی کا ہر کارکن اسے حاصل کرنے کے لیے کام کرنے کو تیار ہے۔ بی جے پی کے لیڈران کو لگتا ہے کہ اس بار ان کا مکمل صفایا ہونے والا ہے۔
بی جے پی کو نہ صرف شکست کا سامنا کرنا پڑے گا بلکہ اتر پردیش کی عوام اس پارٹی کو ریاست سے ہمیشہ کے لیے ختم کر دے گی۔ آپ نے 2024 کے انتخاب کے نتائج دیکھ لیے ہیں۔ 2027 میں ہماری توجہ پی ڈی اے، سماجی انصاف اور سچائی پر ہوگی۔‘‘