تاج محل میں پھر لہرایا بھگوا کپڑا، ایک خاتون نے گنبد پر چڑھایا ’گنگا جل‘

0
8

آگرہ5اگست:ابھی 2 دن پہلے کی ہی بات ہے جب 2 نوجوانوں نے آگرہ واقع تاریخی عمارت تاج محل میں ’گنگا جل‘ چڑھایا تھا جس کے بعد انھیں گرفتار کر لیا گیا تھا۔ اب ایک بار پھر کچھ اسی طرح کا معاملہ سامنے آیا ہے جب پیر کے روز ایک خاتون نے تاج محل کے گنبد پر گنگا جل چڑھایا اور پھر ایک بھگوا کپڑا ہوا میں لہرایا۔ جب وہ بھگوا کپڑا لہرا رہی تھی تو وہاں موجود سیکورٹی اہلکاروں نے اسے پکڑ لیا اور پوچھ تاچھ کے لیے وہاں سے باہر لے گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون کی شناخت اکھل بھارتیہ ہندو مہاسبھا کی رکن میرا راٹھوڑ کی شکل میں ہوئی ہے۔ اس کا دعویٰ ہے کہ وہ کاسگنج کے سوروں سے کانوڑ لے کر آئی ہے اور اسی گنگا جل کو انھوں نے تاج محل پر چڑھایا ہے۔ خاتون نے تاج محل کے اندر بھگوا رنگ کی چنری بھی لہرائی، اور جب وہ ایسا کر رہی تھی تو سی آئی ایس ایف کے جوانوں نے اسے گرفتار کر لیا۔ فی الحال خاتون سے پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے۔ اس معاملے میں ایک افسر نے بتایا کہ تقریباً دوپہر 12 بجے تاج محل میں ایک خاتون کپڑوں میں چھپا کر کوئی کپڑا لے گئی اور اس نے اس بھگوا رنگ کے کپڑے کو تاج محل کے بڑے گنبد کے پاس جا کر لہرایا۔ اس کے بعد وہاں تعینات سی آئی ایس ایف کے جوانوں نے پکڑ لیا اور ابھی تک روکا ہوا ہے۔ جانچ کے بعد ملزم خاتون میرا راٹھوڑ کو پولیس کے سپرد کیا جائے گا۔ غور کرنے والی بات یہ ہے کہ 29 جولائی کو بھی میرا راٹھوڑ نے کچھ ایسا ہی کرنے کی کوشش کی تھی لیکن اس وقت وہ کامیاب نہیں ہو سکی تھی۔ اس سلسلے میں کئی نیوز پورٹل پر خبریں شائع بھی ہوئی تھیں۔ لیکن آج اسے تاج محل کے اندر بھگوا کپڑا لہراتے ہوئے دیکھا گیا۔ واضح رہے کہ دو دن قبل (3 اگست) دو نوجوانوں نے تاج محل کے اندر ’اوم‘ کا اسٹیکر چپکایا تھا اور اس پر پانی کی بوتل سے جل چڑھایا تھا۔ اس کی تصویریں سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی تھیں۔ نوجوانوں نے دعویٰ کیا کہ وہ بوتل میں گنگا جل لے کر آئے تھے۔ ان دونوں شخص کی شناخت اکھل بھارتیہ ہندو مہاسبھا کارکنان شیام اور ونیش کی شکل میں ہوئی تھی۔