لکھنو9جولائی:اتر پردیش کے کئی اضلاع میں گزشتہ کچھ دنوں سے موسلادھار بارش ہو رہی ہے، جس کی وجہ سے کئی اضلاع میں ندیوں میں طغیانی آگئی ہے۔ لکھنؤ، گونڈہ، لکھیم پور، بریلی، بستی میں سیلاب سے بڑے پیمانے پر لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ بہرائچ، شراوستی اور پیلی بھیت میں بھی لوگ سیلاب کی تباہ کاریاں جھیل رہے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ گونڈا میں گھاگھرا ندی خطرے کے نشان سے 38 سینٹی میٹر اوپر بہہ رہی ہے۔ نواب گنج علاقے میں پانی بھرنا شروع ہو گیا ہے۔ اس کے علاوہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر ڈھیموا گھاٹ روڈ پر ٹریفک بند کر دیا گیا ہے۔
لکھیم پور کے پلیا میں سیلابی پانی کی وجہ سے لوگوں میں خوف و ہراس کا ماحول ہے۔ پلیا ہائی وے پر سیلابی پانی کی وجہ سے ہائی وے کو بند کر دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی میلانی-پلیا ریلوے ٹریک تیز بہاؤ میں کٹ گیا ہے۔ دوسری جانب بریلی میں ندیوں میں طغیانی سے 94 گاؤں میں سیلاب کی صورت حال بن گئی ہے۔ بریلی میں بارش کی وجہ سے تقریباً چھ مکانات زمین بوس ہو گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی بہیڈی کے 32 اور فرید پور کے 26 گاؤں سیلاب کی لپیٹ میں ہیں۔ نواب گنج کے 24 اور میر گنج کے 12 گاؤں میں سیلاب کا پانی داخل ہو گیا ہے۔ بریلی میں سیلاب کی وجہ سے نواب گنج اور بھوتا کے کئی گاؤں غرقاب ہو گئے ہیں۔