غیر حیاتیاتی وزیر اعظم ماسکو جا رہے ہیں اور اپوزیشن لیڈر منی پور

0
9

نئی دہلی 8جولائی: کانگریس رکن پارلیمنٹ اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی پیر (8 جولائی) کو منی پور کے جیریبام ضلع پہنچے اور وہاں ریلیف کیمپوں میں متاثرین سے ملاقات کی۔ اس حوالے سے کانگریس کے جنرل سکریٹری اور راجیہ سبھا کے رکن جے رام رمیش نے پی ایم مودی پر سخت تنقید کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ غیر حیاتیاتی وزیر اعظم نریندر مودی ماسکو جا رہے ہیں اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی منی پور جا رہے ہیں۔ خبر رساں ایجنسی اے این آئی سے بات کرتے ہوئے راجیہ سبھا کے رکن جے رام رمیش نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے گزشتہ 17 مہینوں میں منی پور کے بارے میں کچھ نہیں کہا ہے۔ انہوں نے منی پور کے وزیر اعلیٰ سے ملاقات نہیں کی، منی پور کی سیاسی پارٹیوں، وہاں کے ارکان پارلیمنٹ، ارکان اسمبلی سے ملاقات نہیں کی۔ جے رام رمیش نے کہا کہ راہل گاندھی کا یہ تیسرا دورہ ہے تاکہ وہاں کے لوگوں کو یہ احساس دلایا جائے کہ ان کا درد ہمارا درد ہے۔ کانگریس لیڈر جے رام رمیش نے کہا کہ منی پور پر تبصرہ کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ وہاں آئینی مشینری، آئینی نظام تباہ ہو چکا ہے اور ہم منی پور حکومت پر بھروسہ نہیں کر سکتے۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ روس پر کہا کہ میں نے آج وزیر اعظم سے تین سوال پوچھے ہیں۔ منموہن سنگھ اور پوتن کے ساتھ روسی وزیر اعظم دمتری میدویدیو سے 16 بار ملاقات ہو ئی ہے۔ لیکن پوتن اور وزیر اعظم مودی کے درمیان 10 سالوں میں صرف 11 بار ملاقات ہوئی ہے۔ کیا روس اور ہندوستان کے درمیان تعلقات میں کچھ نرمی آگئی ہے؟ جے رام رمیش نے جو باتیں خبر رساں ایجنسی اے این آئی سے کہی ہیں، انہیں باتوں کوانہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے شیئر بھی کیا ہے۔