اتر پردیش کے ہردوئی میں ریت سے بھرا ٹرک الٹنے سے اندوہناک حادثہ

0
17

ہردوئی12جون: اتر پردیش کے ضلع ہردوئی میں ریت سے بھرا ٹرک الٹ گیا۔ اس حادثے میں ایک ہی خاندان کے 8 افراد کی موت ہو گئی، جب کہ ایک شدید زخمی ہو گیا۔ حادثہ منگل کی دیر رات پیش آیا۔ ٹرک الٹنے کے بعد سڑک کنارے رہنے والا پورا خاندان ریت کے نیچے دب گیا۔ جب تک ریت اور ٹرک کو ہٹا کر نیچے دبے لوگوں کو باہر نکالا گیا، 4 بچوں سمیت 8 افراد ہلاک ہو چکے تھے۔ ہردوئی کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ ایم پی سنگھ نے بتایا کہ ٹرک گنگا کے کنارے سے ریت نکال کر ہردوئی جا رہا تھا۔ ریت کی زیادتی کے باعث ٹرک موڑ پر الٹ گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور کسی طرح ٹرک کے نیچے دبے لوگوں کو باہر نکالا تاہم تب تک ایک لڑکی کے علاوہ باقی سب کی موت ہو چکی تھی۔ ضلع مجسٹریٹ نے کہا، ’’مرنے والوں کی شناخت بِلا (45)، اس کی بیوی منڈی (42)، بیٹی سونینا (5)، بیٹی للا (4)، بیٹی بدھو (4)، بِلا کا داماد کرن، (25) بیٹی ہیرو (22) اور نواسا کومل (5) کے طور پر ہوئی ہے۔ اس حادثہ میں بلا کی نواسی بٹو (4) زخمی ہوئی ہے۔ تمام لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے اور ٹرک ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حکام حادثے کی وجوہات کی تحقیقات کر رہے ہیں۔