لکھنو 24مئی: سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے بھارتیہ جنتا پارٹی پر جھوٹ بول کر ریلی میں لوگوں کو جمع کرنے کا الزام لگایا ہے۔ ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ بی جے پی والے جھوٹ بول کر اور ایس پی کی ریلی میں لے جانے کا بہانہ کرکے لوگوں کو اپنی ریلیوں میں لے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کا صاف مطلب ہے کہ بی جے پی یہ الیکشن ہارنے والی ہے۔ ایس پی صدر اکھلیش یادو کے ذریعہ شیئر کردہ ویڈیو میں ایک شخص سر پر سرخ پگڑی باندھے نظر آرہا ہے، جس میں ایس پی کا انتخابی نشان سائیکل بھی نظر آرہا ہے۔ کوئی اس سے پوچھتا ہے کہ اسے اکھلیش کی ریلی میں لے جانے کا حکم ہوا ہے یا.. اس پر وہ شخص کہتا ہے کہ گروپ کے لیڈر نے کہا تھا کہ اکھلیش کی ریلی میں چلنا ہے لیکن ابھی معلوم ہوا ہے کہ امت شاہ کی ریلی میں جا رہے ہیں۔ جب اس سے پوچھا گیا کہ کیا اسے بتایا نہیں گیا تھا؟ اس پر وہ شخص کہتا ہے کہ انہوں نے بتایا تھا کہ اکھلیش یادو کی ریلی میں جانا ہے، اس لیے ہم سب تیار ہو کر نکلے ہیں، ورنہ ہم نہیں جاتے، کوئی بھی نہ جاتا۔
اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے اکھلیش یادو نے بی جے پی پر لوگوں سے جھوٹ بولنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی کی جھوٹ کی حد تو دیکھیئے کہ بھولی- بھالی عوام کو یہ کہہ کر بی جے پی والوں کی ریلی میں لے جایا جارہا ہے کہ ایس پی کی ریلی و سبھا میں جانا ہے۔ اس کا مطلب صاف ہے کہ عوام بی جے پی کے ساتھ نہیں ہے۔ اکھلیش یادو نے مزید لکھا ہے کہ لوگوں کا یہ غصہ بتا رہا ہے کہ چھٹے اور ساتویں مرحلے میں بی جے پی کتنی بری طرح ہارنے جا رہی ہے اور ’انڈیا الائنس‘ کی حکومت آنے والی ہے۔ واضح رہے کہ لوک سبھا انتخابات کے چھٹے مرحلے کے لیے یوپی کی 14 سیٹوں پر ہفتہ 25 مئی کو ووٹ ڈالے جائیں گے اور ساتویں مرحلے میں 13 سیٹوں پر یکم جون کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ اس کے بعد 4 جون کو ووٹوں کی گنتی ہوگی۔ ایسے میں سب کی نظریں 4 جون پر لگی ہوئی ہیں اور لوگ بے صبری سے نتائج کا انتظار کر رہے ہیں۔