چنڈی گڑھ 22مئی:’’وزیر اعظم نریندر مودی نے اگنی ویر منصوبہ لا کر ہندوستانی جوانوں کو مزدوروں میں بدل دیا ہے۔ مرکز میں انڈیا اتحاد کی حکومت بننے پر اس اگنی ویر منصوبہ کو رد کر دیا جائے گا۔‘‘ یہ وعدہ راہل گاندھی نے آج ہریانہ کے چرخی دادری میں ایک عظیم الشان جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وہ انتخابی تشہیر کے دوران لگاتار اگنی ویر منصوبہ کو ختم کرنے کا وعدہ کر رہے ہیں اور اس منصوبہ کی خامیوں کو بھی عوام کے سامنے رکھ رہے ہیں۔ جلسۂ عام کے دوران کانگریس امیدوار کی حمایت میں ووٹ ڈالنے کی اپیل کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ہریانہ کے نوجوان ملک کی سرحدوں کی حفاظت کرتے ہیں۔ اگنی ویر منصوبہ میں شہید ہونے پر نوجوانوں کو نہ شہید کا درجہ ملے گا، نہ پنشن ملے گی اور نہ ہی کوئی دیگر سہولیات میسر ہوں گے۔ 4 سال بعد نوجوان پھر سے بے روزگار ہو جائیں گے۔ اگنی ویر منصوبہ فوج کے ذریعہ تیار کیا گیا منصوبہ نہیں تھا، یہ وزیر اعظم دفتر کے ذریعہ بنایا گیا تھا جو ہر لحاظ سے مضر ہے۔ لوگوں کی زبردست بھیڑ سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کسانوں کے ایشوز بھی سامنے رکھے۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس کی حکومت کسانوں کی زمین کی حفاظت کرنے اور اس کی مناسب قیمت دلانے کے لیے حصول اراضی بل لائی تھی۔ نریندر مودی نے ارب پتیوں کی مدد کرنے کے لیے حصولِ اراضی بل کو ختم کرنے کی کوشش کی۔ نریندر مودی اس کے بعد تین سیاہ قوانین لائے، جس کی مخالفت میں ہریانہ سمیت دیگر ریاستوں کے کسان سڑکوں پر آ گئے اور نریندر مودی کو پیچھے ہٹنا پڑا۔ نریندر مودی کھل کر کہتے ہیں کہ کسانوں کا قرض معاف نہیں ہوگا۔ نریندر مودی ملک کے چند سرمایہ داروں کا 16 لاکھ کروڑ روپے کا قرض معاف کر سکتے ہیں تو انڈیا اتحاد بھی ہندوستان کے کسانوں کا قرض معاف کر سکتا ہے۔ 4 جون کو انڈیا اتحاد کی حکومت آنے پر کسانوں کا قرض معاف کیا جائے گا۔ کسانوں کی فصلوں پر کم از کم حمایتی قیمت (ایم ایس پی) کی قانونی گارنٹی دی جائے گی۔
بھیوانی، 22 مئی (یو این آئی) وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے بدھ کو الزام لگایا کہ کانگریس نے ہمیشہ جھوٹ بول کر عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکی ہے۔