نئی دہلی، 12 مئی (یو این آئی) کانگریس کی لیڈر پرینکا گاندھی واڈرا نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے کارکن رائے بریلی میں وزیر داخلہ امت شاہ کی انتخابی ریلی میں ایک صحافی کو مارتے رہے لیکن پولیس خاموش تماشائی بنی رہی۔محترمہ واڈرا نے دعویٰ کیا کہ صحافی مسٹر شاہ کی انتخابی ریلی کے دوران خواتین سے بات کر رہے تھے اور خواتین کہہ رہی تھیں کہ انہیں پیسے دے کر انتخابی ریلی میں لایا گیا ہے لیکن بی جے پی کارکنوں کو یہ بات پسند نہیں آئی اور انہوں نے صحافی کی پٹائی کردی۔انہوں نے کہا، “صحافی راگھو ترویدی کو رائے بریلی میں وزیر داخلہ کی ریلی میں بی جے پی کے لوگوں نے بے دردی سے پیٹا، وزیر داخلہ تقریر کرتے رہے اور پولیس خاموش تماشائی بن کر دیکھتی رہی۔ صحافی کو صرف اس لیے پیٹا گیا کہ اس نے کچھ خواتین سے بات کی تھی اور وہ کہہ رہی تھیں کہ انہیں ریلی میں شرکت کے لیے پیسے دیے گئے ۔”کانگریس جنرل سکریٹری نے کہا، بی جے پی جس نے پورے ملک کے میڈیا کو خاموش کر دیا ہے، ان کے خلاف اٹھنے والی آواز کو برداشت نہیں کر سکتی۔ آئین کو ختم کرنے کی مہم چلا رہی ہے بی جے پی اس ملک سے جمہوریت کو ختم کر کے عوام کی آواز چھین لینا چاہتی ہے۔”
بستی:12مئی(یواین آئی) اترپردیش کے ضلع بستی میں بدولیا تھانہ علاقے کے موج پور گاؤں کے نزدیک اتوار کو سریو ندی میں نہانے گئے 09بچوں میں سے دو کی ڈوبنے سے موت ہوگئی جبکہ دو لاپتہ ہوگئے۔