رکن اسمبلی امانت اللہ خان کے خلاف عدالت پہنچی ای ڈی

0
11

نئی دہلی6اپریل: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے عام آدمی پارٹی (عآپ) کے رکن اسمبلی امانت اللہ خان کے خلاف راؤس ایونیو کورٹ میں شکایت درج کرائی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ وہ دہلی وقف بورڈ سے متعلق منی لانڈرنگ کیس میں سمن کی تعمیل نہیں کر رہے۔ رپورٹ کے مطابق عدالت اس معاملہ پر ہفتہ یعنی یعنی آج سماعت کر سکتی ہے۔ خیال رہے کہ 11 مارچ کو دہلی ہائی کورٹ نے اس معاملے میں عآپ کے رکن اسمبلی امانت اللہ خان کو پیشگی ضمانت دینے سے انکار کر دیا تھا۔ ای ڈی نے امانت اللہ خان کے خلاف دہلی وقف بورڈ کے ملازمین کی بھرتی میں مبینہ بے ضابطگیوں سے متعلق ایک معاملے میں کئی سمن جاری کیے تھے لیکن وہ پیش نہیں ہوئے۔ یہ بھی الزام ہے کہ دہلی وقف بورڈ کے چیئرمین کے طور پر ان کی تقرری غیر قانونی طور پر کی گئی تھی۔ الزام ہے کہ جب وہ وقف بورڈ کے چیئرمین تھے تو انہوں نے 32 لوگوں کو غیر قانونی طور پر بھرتی کیا۔ ای ڈی نے اس معاملے میں ذیشان حیدر، ان کی شراکت دار کمپنی اسکائی پاور، جاوید امام صدیقی، داؤد ناصر اور کوثر امام صدیقی کے خلاف چارج شیٹ داخل کی ہے۔ تحقیقات کے دوران ای ڈی نے سی بی آئی، اے سی بی اور دہلی پولیس کی طرف سے درج ایف آئی آر کو بھی مدنظر رکھا۔ اوکھلا میں مبینہ طور پر ناجائز فنڈز سے خریدی گئی 36 کروڑ روپے کی جائیداد کے لیے 8 کروڑ روپے نقد دیے گئے۔ ای ڈی کا کہنا ہے کہ جائیداد امانت اللہ خان کے کہنے پر خریدی گئی تھی اور اس میں نقد لین دین کے ثبوت موجود ہیں۔