نئی دہلی 29مارچ: محکمہ انکم ٹیکس کی جانب سے ٹیکس ادائیگی کا نوٹس جاری کیے جانے کے معاملے پر کانگریس نے بالواسطہ بی جے پی پر سخت حملہ کیا ہے۔ پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی نے ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب حکومت تبدیل ہوگی تو جمہوریت کو پامال کرنے والوں پر کارروائی ضرور ہوگی اور ایسی کارروائی ہوگی کہ دوبارہ کسی کی ہمت نہیں ہوگی یہ سب کرنے کی، یہ میری گارنٹی ہے۔ راہل گاندھی نے جمعہ (29 مارچ) کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنی ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ ’’اگر سی بی آئی اپنا کام کرتی، اگر ای ڈی اپنا کام کرتی تو ایسا نہیں ہوتا۔ اس لیے انہیں یہ بھی سوچنا چاہیے کہ وہ جو یہ سب کر رہے ہیں، کسی نہ کسی دن بی جے پی کی حکومت بدلے گی اور پھر کارروائی ہوگی، اور ایسی کارروائی ہوگی کہ میں گارنٹی دے رہا ہوں کہ ایسا دوبارہ کبھی نہیں ہوگا۔ اس لیے انہیں بھی سوچنا چاہیے۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ مرکزی ایجنسیوں کی کارروائی سے متعلق آج کانگریس نے پریس کانفرنس بھی کیا۔ اس میں کانگریس کے لیڈران نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات سے عین قبل انکم ٹیکس محکمہ نے پانچ مختلف مالی سال کے ٹیکس ریٹرن میں مبینہ بے قاعدگیوں کے لیے 1823.08 کروڑروپئے کی ادائیگی کے لیے نوٹس جاری کیے ہیں لیکن اس نے بی جے پی کے تعلق سے اپنی آنکھیں بند کرلی ہیں، جبکہ اس پر 4600 کروڑ روپے کا جرمانہ بنتا ہے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے دعویٰ کیا کہ لوک سبھا انتخابات سے قبل اپوزیشن پر ’ٹیکس دہشت گردی‘ (ٹیکس ٹیررزم) کے ذریعے حملہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’پورے ملک کو معلوم ہو چکا ہے کہ بی جے پی نے الیکٹورل بانڈ گھوٹالے کے ذریعے تقریباً 8,250 کروڑ روپے کا چندہ اکٹھا کیا ہے۔ بی جے پی حکومت مختلف طریقوں سے مسلسل اپوزیشن پارٹیوں کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’ہم ڈرنے والے نہیں ہیں، اپنی انتخابی مہم جاری رکھیں گے، جو لوگ ڈرانے کی کوشش کر رہے ہیں وہ خود ہی ڈرے ہوئے ہیں۔‘‘