نئی دہلی 28نومبر:ہندوستان کو درپیش سیکورٹی چیلنجز اب صرف زمین، سمندر اور آسمان تک محدود نہیں رہ گئے ہیں۔ جنگ کا ایک نیا محاذ خلا بھی بن چکا ہے۔ چین اپنی خلائی صلاحیتوں کو مسلسل مضبوط کر رہا ہے اور اب اس کی مدد سے پاکستان بھی اس سمت میں تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ اس درمیان ہندوستان کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایس) جنرل این ایس راجا سبرامنی نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان کی بڑھتی ہوئی خلائی صلاحیت کو ہندوستان کو اپنی فوجی حکمت عملی میں شامل کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ’’چین کی مدد سے پاکستان کی خفیہ نگرانی اور اہداف کی شناخت کرنے کی صلاحیت بہتر ہو سکتی ہے۔ اسی چیلنج کو دیکھتے ہوئے ہندوستان نے اپنے 52 سیٹلائٹ پر مشتمل نگرانی کے پروگرام کو آگے بڑھانا شروع کر دیا ہے۔‘‘
نئی دہلی واقع وویکانند انٹرنیشنل فاؤنڈیشن میں ’جنگ کے مستقبل اور کثیرالجہتی کارروائیوں کو انجام دینے کے لیے ہندوستان کی تیاری‘ موضوع پر منعقدہ پروگرام میں جنرل سبرامنی نے خلائی جنگ کے بدلتے ہوئے چیلنجز پر بات کی۔ انہوں نے کہا کہ چین کی مدد سے پاکستان کی خلائی صلاحیت بہتر ہو رہی ہے۔ پاکستان کی اپنی خلائی تنظیم سپارکو (اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن) بھی مقامی صلاحیتیں تیار کرنے میں مصروف ہے۔ سی ڈی ایس نے یہ بھی کہا کہ ہندوستان کو یہ فرض کر کے چلنا چاہیے کہ ترکی بھی پاکستان کی مدد کر سکتا ہے۔ چین کے پاس موجود آئی ایس آر یعنی انٹیلی جنس، نگرانی اور جاسوسی (ریکونیسنس) اور پی این ٹی یعنی پوزیشننگ، نیویگیشن اور ٹائمنگ جیسی صلاحیتوں کا فائدہ پاکستان کو مل سکتا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ پاکستان ہندوستانی فوجی اڈوں، سرحدی سرگرمیوں اور فوجی وسائل کی نگرانی کرنے کی پہلے کے مقابلے میں بہتر پوزیشن میں آ سکتا ہے۔
پاکستان اور چین کی بڑھتی ہوئی خلائی صلاحیتوں کے درمیان ہندوستان اپنے اسپیس بیسڈ سرویلنس (ایس بی ایس-3) پروگرام کو مضبوط کر رہا ہے۔ اس کے تحت 52 نگرانی کرنے والے سیٹلائٹ خلا میں نصب کرنے کا منصوبہ ہے۔
کشمیر میں سردی کی شدت میں اضافہ
سرینگر، 28 نومبر (یو این آئی) کشمیر میں ہفتہ کے روز سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا اور وادی کے بیشتر علاقوں میں رات کا درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے درج کیا گیا۔









