نئی دہلی28نومبر : وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ، 28 نومبر کو کہا کہ لوک سبھا اور ریاستی اسمبلیوں میں خواتین کو ریزرویشن دے کر انہیں سیاسی طور پر بااختیار بنانے کا ان کی حکومت کا عزم غیر متزلزل ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ خواتین کے ریزرویشن کی راہ میں آنے والی تمام رکاوٹوں کو دور کیا جائے گا۔ وزیر اعظم کا یہ بیان پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس سے پہلے آیا ہے، جس میں حکومت خواتین کے ریزرویشن اور حد بندی سے متعلق بلوں کو دوبارہ پیش کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔
پی ایم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر جاری ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ خواتین کو یکساں نمائندگی دلانے کی جدوجہد کئی دہائیوں سے جاری ہے اور وہ بھی طویل عرصے سے اس سمت میں کوششیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی متعدد خواتین نے ان کے سامنے یہ مسئلہ اٹھایا ہے اور کئی بہنوں نے خطوط لکھ کر اپنے مطالبات پیش کیے ہیں۔ انہیں یقین ہے کہ ملک کی 100 فیصد خواتین کی طاقت کا آشیرواد اس کوشش کے ساتھ ہے۔