بھوپال:24؍نومبر(پریس ریلیز) بیسٹ شاٹس اسپورٹس کے زیر اہتمام 4 روزہ بیسٹ شاٹس فٹبال پریمیئر لیگ سیزن 5 کا شاندار اختتام عمل میں آیا۔ مقابلے میں انڈر 8، انڈر 12، انڈر 14، انڈر 16 بوائز اور انڈر 16 گرلز سمیت 5 زمروں میں میچز منعقد کیے گئے، جن میں کھلاڑیوں نے بہترین کھیل، نظم و ضبط اور ٹیم اسپرٹ کا مظاہرہ کیا۔ انڈر 16 بوائز زمرے میں لائل ویوز نے فاتح اور بیسٹ شاٹس نے رنر اپ، انڈر 14 میں رائل ویوز نے فاتح اور بیسٹ شاٹس نے رنر اپ، انڈر 12 میں آئی پی سی نے فاتح اور ممبئی رائزنگ نے رنر اپ، جبکہ انڈر 8 میں آئی پی سی نے فاتح اور بیسٹ شاٹس نے رنر اپ کا خطاب حاصل کیا۔ اسی طرح انڈر 16 گرلز زمرے میں رائل ویوز فاتح اور آئی پی سی رنر اپ رہی۔ ہر زمرے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو انفرادی اعزازات سے بھی نوازا گیا۔ انڈر 16 بوائز میں منسب کو سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی، سنیل کو بہترین محافظ، نعمان کو بہترین کھلاڑی اور زیاد کو بہترین گول کیپر کا ایوارڈ دیا گیا۔ انڈر 14 میں احمد، عرفان، پارتھ اور اوم، انڈر 12 میں اسمیل، کیان، دیویندر اور التمش، جبکہ انڈر 8 میں اجیل، کامل، عمر اور شرافت کو انفرادی اعزازات سے نوازا گیا۔ گرلز زمرے میں ارشیکا کو سب سے زیادہ گول کرنے والی کھلاڑی، زارا کو بہترین محافظ، سنجنا کو بہترین کھلاڑی اور اننیا کو بہترین گول کیپر کا ایوارڈ دیا گیا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی آئی پی ایس افسر اور پولیس ہیڈکوارٹر بھوپال کے ڈی آئی جی ریاض اقبال نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ کھیل بچوں میں نظم و ضبط، خود اعتمادی اور ٹیم اسپرٹ پیدا کرنے کے ساتھ انہیں بہتر مستقبل کی راہ بھی دکھاتے ہیں۔ بیسٹ شاٹس اسپورٹس کے شریک منتظمین شہباز کوثر اور سفیان علی قریشی نے بتایا کہ اس مقابلے کا مقصد بچوں اور نوجوانوں کو فٹبال کے لیے بہتر پلیٹ فارم فراہم کرنا اور ان کی صلاحیتوں کو نکھارنا ہے۔ انہوں نے تمام کھلاڑیوں، سرپرستوں، کوچز، اسپانسرز اور معاونین کا شکریہ ادا کیا۔