بھوپال:22؍نومبر:مدھیہ پردیش کے جھابوا ضلع کی 17 سالہ بیٹی ہیما نیناما کا کم عمری کی شادی کے خلاف اٹھایا گیا بہادرانہ قدم اب بین الاقوامی سطح پر موضوعِ بحث بن گیا ہے۔ انگلینڈ کے مشہور سابق فٹ بال کھلاڑی اور یونیسف کے خیرسگالی سفیر ڈیوڈ بیکہم نے عالمی یومِ اطفال پر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ہیما کی کہانی شیئر کرتے ہوئے اس کے حوصلے اور پختہ عزم کی تعریف کی ہے۔ بیکہم نے ہیما کی کہانی کے ذریعے دنیا کو پیغام دیا ہے کہ اگر بیٹیوں کو صحیح وقت پر تعاون اور مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ اپنے مستقبل کے فیصلے خود کرنے کے قابل ہوتی ہیں۔
کم عمری کی شادی روکنے کے لیے حکومت پرعزم: وزیر مس بھوریا
خواتین و اطفال کی ترقی کی وزیر محترمہ نرملا بھوریا نے ہیما کے حوصلے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کم عمری کی شادی جیسی سماجی برائی کو ختم کرنے کے لیے مدھیہ پردیش حکومت پوری عزم کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ حکومت کم عمری کی شادی کی روک تھام کے قانون، 2006 کے مؤثر نفاذ اور قانونی دفعات پر سختی سے عمل درآمد کے ساتھ لڑکیوں کو ان کے حقوق، تعلیم اور مستقبل کے حوالے سے بیدار کرنے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد صرف کم عمری کی شادی روکنا نہیں، بلکہ ایسا ماحول تیار کرنا ہے جس میں ہر بیٹی بلا خوف اپنی تعلیم مکمل کر سکے اور اپنی زندگی کے فیصلے خود لے سکے۔وزیرمحترمہ بھوریا نے کہا کہ ریاست میں خواتین و اطفال کی ترقی کا محکمہ آنگن واڑی مراکز، اسکولوں، برادریوں اور مقامی اداروں کے تعاون سے کم عمری کی شادی کے خلاف بیداری کی سرگرمیاں چلا رہا ہے۔ بیٹیوں کو کم عمری کی شادی کے نقصانات، تعلیم کی اہمیت اور ان کے قانونی حقوق کے بارے میں معلومات دی جا رہی ہیں۔ ساتھ ہی والدین کو بھی بیدار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہیما جیسی بیٹیاں معاشرے کے لیے تحریک ہیں۔ جھابوا کی بیٹی کے حوصلے کو بین الاقوامی سطح پر پہچان ملنا ریاست کی دیگر لڑکیوں کو بھی اپنے حقوق کے بارے میں بیدار ہونے اور آگے بڑھنے کی ترغیب دے گا۔
اساتذہ کے تعاون سے کم عمری کی شادی رکوائی
جھابوا ضلع کے برخڑا گاؤں کی رہنے والی ہیما نیناما نے اس وقت کم عمری کی شادی کی مخالفت کی، جب وہ گیارہویں جماعت میں زیرِ تعلیم تھی۔ خاندان نے کم عمری میں اس کی شادی طے کر دی تھی، لیکن ہیما اپنی تعلیم جاری رکھنا چاہتی تھی۔ اس نے حوصلہ دکھاتے ہوئے شادی سے انکار کیا اور اپنے اسکول کے اساتذہ سے مدد طلب کی۔ کلیان پورہ واقع سانڈیپنی اسکول کے پرنسپل جی پی اوجھا اور دیگر اساتذہ نے خاندان کو کم عمری کی شادی کے نقصانات اور لڑکیوں کی تعلیم کی اہمیت کے بارے میں سمجھایا۔ اساتذہ کی کوششوں اور ہیما کے پختہ عزم سے اس کی شادی رک گئی۔
ہیما نے اپنی تعلیم جاری رکھتے ہوئے گیارہویں جماعت کا امتحان فرسٹ ڈویڑن میں پاس کیا۔ فی الحال وہ بارہویں جماعت کی طالبہ ہے اور مستقبل میں استاد بن کر دوسری بیٹیوں کو تعلیم اور خود انحصاری کی راہ دکھانا چاہتی ہے۔
ڈیوڈ بیکہم نے دنیا کو بیٹیوں کے حقوق کا پیغام دیا
عالمی یومِ اطفال، 20 نومبر کو ڈیوڈ بیکہم نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ہیما کی کہانی شیئر کرتے ہوئے کہا کہ یونیسف کے ساتھ گزشتہ 20 سال کے کام کے تجربے میں انہوں نے دیکھا ہے کہ مناسب تعاون ملنے پر لڑکیاں قیادت کر سکتی ہیں، آگے بڑھ سکتی ہیں اور اپنی زندگی کے اہم فیصلے خود لے سکتی ہیں۔ انہوں نے ہیما کے حوصلے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس نے اساتذہ کی مدد سے اپنی کم عمری کی شادی رکوائی اور اب وہ دوسری لڑکیوں کا مستقبل سنوارنے کا خواب دیکھ رہی ہے۔بیکہم نے بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے یونیسف اور اس کے تعاون کرنے والے اداروں کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے بچوں اور نوعمر لڑکیوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے اجتماعی کوششیں جاری رکھنے کی اپیل کی۔
یونیسف نے بھی دنیا کے سامنے ہیما کی کہانی پیش کی
یونیسف انڈیا نے بھی ہیما کے حوصلے اور جدوجہد پر ایک مختصر ڈاکیومنٹری تیار کرکے اس کی کہانی شیئر کی ہے۔ یونیسف کی ٹیم نے جھابوا پہنچ کر اس کے اسکول اور گاؤں میں اس کے متاثر کن سفر کو کیمرے میں ریکارڈ کیا۔ ہیما تعلیم کے ساتھ کھیلوں کی سرگرمیوں میں بھی سرگرم ہے۔
ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز نے برسبین ہیٹ کو 37 رن سے ہرادیا
ایڈیلیڈ، 22 نومبر (یو این آئی) ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز نے ویمنز بگ بیش لیگ (ڈبلیو بی بی ایل) میں برسبین ہیٹ کو 37 رن سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنانے کی اپنی امیدوں کو مضبوط کرلیا۔ انجری کے مسائل سے دوچار اسٹرائیکرز کی کامیابی میں کپتان تالیا میک گرا اور جنوبی افریقہ کی اسٹار کھلاڑی لورا وولوارڈٹ نے اہم کردار ادا کیا۔اتوار کو ایلن بارڈر فیلڈ میں کھیلے گئے مقابلے میں پہلے بلے بازی کرتے ہوئے اسٹرائیکرز نے 4 وکٹوں پر 179 رن بنائے۔ میک گرا نے 64 اور وولوارڈٹ نے 54 رن کی شاندار اننگز کھیلی۔ دونوں نے تیسری وکٹ کے لیے 87 رن کی شراکت قائم کرکے ٹیم کو بڑے اسکور تک پہنچایا۔
اننگز کی آخری گیند پر میڈی پینا کے چھکے نے اسٹرائیکرز کا اسکور 179 تک پہنچا دیا۔

انگلینڈ کی اسپنر سوفی ایکلسٹن اور آسٹریلیا کی تیز گیندباز ڈارسی براؤن کی غیر موجودگی میں بھی اسٹرائیکرز نے عمدہ کھیل پیش کیا۔ زمبابوے کی اسپنر انیسو موشانگوے نے برسبین ہیٹ کی ابتدائی اور درمیانی صف کے بلے بازوں کو مشکلات میں ڈال دیا اور 23 رن دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔