بھوپال:22؍نومبر(پریس ریلیز) خوشبو ایجوکیشنل اینڈ کلچرل سوسائٹی، بھوپال کے زیر اہتمام 22 نومبر 2026 بروز اتوار ’’ایک شام ساجد ہاشمی کے نام‘‘ کے عنوان سے ایک ادبی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر ساجد ہاشمی کی اردو اور ہندی غزلوں کے مجموعے ’’دریچے‘‘ کی رسمِ اجراء عمل میں آئی۔ آنجہانی واحد پریم کی یاد میں ساجد ہاشمی کو ’’واحد پریم ایوارڈ‘‘ سے بھی سرفراز کیا گیا۔ کتاب کی رسمِ اجراء کے ساتھ ہی ایک شاندار مشاعرے کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں شاعر ساجد ہاشمی نے اپنا تازہ کلام پیش کرتے ہوئے کہا:
مست ہی رہتا ہے اکثر یوں بھی مستانے کا سر
جیسے جل کر بھی بہت اونچا ہے پروانے کا سر
جھک گیا سجدے میں تو مقبول ہوکر آئے گا
یوں ہی آسانی سے کب اٹھتا ہے دیوانے کا سر
یہ ادبی تقریب شام 5 بجے کملا پارک واقع درانی ہال، بھوپال میں شروع ہوئی۔ تقریب کی صدارت جناب اقبال مسعود نے کی، جبکہ ڈاکٹر نصرت مہدی مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئیں۔ مشاعرے کی صدارت سینئر شاعر جناب جعفر سہبائی نے کی۔ پروگرام کی نظامت ڈاکٹر غوثیہ خان سبین نے انجام دی۔ اس موقع پر مدعو مقررین میں ڈاکٹر مہتاب عالم اور جناب محمود ملک شامل تھے۔
تقریب کے دوران شعراء نے اپنے کلام کے ذریعے سامعین کو محظوظ کیا۔ مشاعرے میں جناب عارف علی عارف، جناب شایان قریشی، ڈاکٹر محمد اعظم، جناب ساجد پریمؔی، جناب سلیم تنہا، جناب سہیل عمر، جناب خلیل اسلم قریشی، جناب سروت حبیب، جناب عظیم اثر، محترمہ سمینہ قمر، جناب انوراگ بھارت، جناب اورنگزیب اعظم، جناب ایس ایم مبشر اور جناب انور محمد خان نے اپنا کلام پیش کیا۔ تقریب کے اختتام پر ساجد پریمؔی نے تمام ادیبوں، شعراء اور سامعین کا شکریہ ادا کیا۔









