بھوپال:19؍نومبر(پریس ریلیز) مدھیہ پردیش۔ محمد علی جوہر یونیورسٹی رام پور کے بانی اور چانسلر جناب اعظم خان کی رہائی پر آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (AIMIM) مدھیہ پردیش کے صدر محسن علی خان نے دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے اعظم خان کی رہائی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ موقع تعلیم، حقوق اور انصاف کے لیے کی جانے والی جدوجہد کو یاد کرنے کا بھی ہے۔
اس موقع پر محسن علی خان نے مدھیہ پردیش کے سابق گورنر ڈاکٹر عزیز قریشی کی خدمات کو بھی خصوصی طور پر یاد کیا۔ انہوں نے کہا کہ سال 2014 میں جب ڈاکٹر عزیز قریشی اتر پردیش کے گورنر کا اضافی چارج سنبھال رہے تھے، اس دوران انہوں نے محمد علی جوہر یونیورسٹی کو اقلیتی تعلیمی ادارے کا درجہ دینے سے متعلق ترمیمی بل کو منظوری دی تھی۔ محسن علی خان نے ان کی اس خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں کی جانے والی ایسی کوششوں کو ہمیشہ یاد رکھا جانا چاہیے۔محسن علی خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ سیاست کا مقصد صرف اقتدار حاصل کرنا نہیں، بلکہ حقوق، تعلیم اور انصاف کی جدوجہد کرنا بھی ہے۔
سیاسی اختلافات اپنی جگہ ہیں، لیکن جب کسی شخص کے حقوق اور انصاف کا معاملہ ہو تو آواز کو جماعتی حدود سے بالاتر ہوکر بلند کیا جانا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ حقوق کی حمایت اور انصاف کی آواز کسی سیاسی جماعت یا تنظیم کی محتاج نہیں ہونی چاہیے۔ معاشرے میں انصاف، تعلیم اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر شخص کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔









