بھوپال:19؍نومبر:وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا ہے کہ وزیر اعظم مسٹر نریندر مودی کی قیادت میں مدھیہ پردیش سمیت پورے ملک میں کھیلوں کے تئیں مثبت ماحول بنا ہے۔ کھیلوں اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے مسلسل کوششیں کی جا رہی ہیں۔ ہمارا قومی کھیل ہاکی ایک بار پھر اپنے سنہرے دور میں داخل ہو رہا ہے۔ بھوپال میں پہلی بار خواتین ہاکی کی بین الاقوامی ایشین چیمپئن شپ کا انعقاد مدھیہ پردیش کے لیے فخر اور کامیابی کا باعث ہے۔ دارالحکومت بھوپال کے برکھیڑا ناتھو میں بین الاقوامی اسپورٹس کمپلیکس میں کھلاڑیوں کے لیے بین الاقوامی سطح کی سہولیات دستیاب ہیں۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے بھوپال کے ناتھو برکھیڑا میں منعقدہ ایشین ویمن ہاکی چیمپئنز ٹرافی 2026 کے افتتاح کے موقع پر تمام ٹیموں اور کھلاڑیوں کو مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کیں۔ ٹورنامنٹ میں بھارت سمیت چھ ممالک کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے مدھیہ پردیش میں مختلف کھیلوں کی سرگرمیوں کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور سہولیات کے لیے وزیر اعظم مسٹر مودی کا شکریہ ادا کیا۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے برکھیڑاا ناتھو واقع ہاکی اسٹیڈیم میں خواتین ایشین ہاکی چیمپئن شپ کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مدھیہ پردیش کے لیے کھیلوں اور کھلاڑیوں کے نقطہ نظر سے آج سنہرا دن ہے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے ٹورنامنٹ کے افتتاح کے موقع پر بھارت کی ٹیم کی اسپورٹس جرسی کی رونمائی کی۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے سابق اولمپین ہاکی کھلاڑیوں کو اعزاز سے نوازا۔ انہوں نے موجود ناظرین اور کھیلوں کے شائقین کا استقبال کیا۔ برکھیڑا ناتھو کے اسٹیڈیم میں خواتین ایشین چیمپئن شپ کا پہلا میچ بھارت اور ملائیشیا کے درمیان کھیلا گیا۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے ناظرین اور کھیلوں کے عہدیداروں کے ساتھ بھارتی ٹیم کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ ریاست میں پہلی بار منعقد ہونے والی انٹرنیشنل ایشین چیمپئن شپ کا افتتاح، خاص طور پر کھلاڑیوں، ہاکی کے شائقین اور ریاست کے باشندوں کے لیے فخر کے لمحات ہیں۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے ٹورنامنٹ کے پہلے مقابلے سے قبل بھارت اور ملائیشیا کی خواتین ہاکی ٹیموں کو مبارکباد دی۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ تمام کھلاڑی اپنی پوری صلاحیت کے ساتھ اس بین الاقوامی ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ اس کے ساتھ ہی مدھیہ پردیش کی مہمان نوازی کی شاندار روایت کا خوشگوار تجربہ بھی حاصل کریں گے۔
خواتین ایشین چیمپئن شپ کے افتتاح کے موقع پر کھیل اور نوجوانوں کی بہبود کے وزیر مسٹر وشواس کیلاش سارنگ، کھیلوں کی تنظیموں کے عہدیدار مسٹر دگ وجے سنگھ، پولیس ڈائریکٹر جنرل مسٹر کیلاش مکوانا، کھیل محکمہ کے سکریٹری مسٹر سنجیو سنگھ، کھیل ڈائریکٹر مسٹر چنچل شیکھر کے علاوہ سابق اولمپین ہاکی کھلاڑی مسٹر اشوک دھیان چند، مسٹر محبوب خان، مسٹر جلال الدین رضوی، مسٹر محمد یوسف، مسٹر مدھو یادو، مسٹر سمیر داد، مسٹر وویک ساگر اور ایشیائی کھیلوں کے سابق کھلاڑی موجود تھے۔ ہاکی اسٹیڈیم میں بڑی تعداد میں کھیلوں کے شائقین جوش و خروش کے ساتھ موجود تھے۔