بھوپال، 17 نومبر: وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا ہے کہ صفائی سروے 26-2025 میں اجین نے 10-3 لاکھ آبادی والے شہروں کے زمرے میں ملک بھر میں پہلا مقام حاصل کیا ہے، جبکہ ملک کے کل 27 ایوارڈز میں سے مدھیہ پردیش کے 9 شہروں نے مختلف زمروں میں اعزازات جیت کر ریاست کو ’صفائی ریاست‘ بنا دیا ہے۔ منگل کے روز اجین کے گیتا بھون میں منعقدہ صفائی متروں کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مکھیہ منتری نے اجین کے تمام 54 وارڈوں کے 3,000 صفائی ملازمین کو انعام کے طور پر 5-5 ہزار روپے نقد دینے کا اعلان کیا اور اسٹیج پر ان کی عزت افزائی کی۔ انہوں نے کہا کہ اندور کے ساتھ اب دیپالپور، اجین، دیواس، گوالیار، جبل پور، ریوا اور بدھنی نے بھی صفائی کے میدان میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے، جو صفائی کارکنوں کی بے لوث محنت اور عوامی شراکت داری کا نتیجہ ہے۔
ڈاکٹر یادو نے بتایا کہ اجین میں گیلے کچرے سے بجلی تیار کی جا رہی ہے، سوکھے کچرے کو ایندھن میں بدلا جا رہا ہے اور تعمیراتی ملبے کو ٹھکانے لگانے کے لیے 75 ٹن یومیہ گنجائش کا ویسٹ پروسیسنگ پلانٹ قائم کیا جا رہا ہے، جبکہ گھر گھر کچرا جمع کرنے کے لیے 40 نئی سی این جی گاڑیاں آ چکی ہیں اور مزید 40 گاڑیاں جلد فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ صفائی ملازمین کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، اسی لیے تمام ملازمین کو آیوشمان بھارت اسکیم کے تحت صحت کا تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے۔ تقریب سے میئر مکیش ٹٹوال اور کارپوریشن کی چیئرپرسن کلاوتی یادو نے بھی خطاب کیا، جبکہ رکنِ پارلیمنٹ انیل فیروزیا، راجیہ سبھا رکن بال یوگی امیش ناتھ مہاراج، ایم ایل اے انیل جین کالو ہیڑا، اوم جین، روی سولنکی اور جگدیش اگروال سمیت دیگر عوامی نمائندے اور بڑی تعداد میں صفائی ملازمین موجود تھے۔









