جلگاؤں 13 نومبر (پریس ریلیز) الفیض فاؤنڈیشن اور بزمِ اردو ادب جلگاؤں کے باہمی اشتراک سے کے کے موتی والا سمینار ہال،ایچ جے تھیم کالج، مہرون، جلگاؤں میں 14 نومبر ،بروز سنیچر، بوقت 11 بجے،اعزاز تقریب کا انعقاد کیا جائے گا ۔پروقار اعزاز تقریب کا انعقاد ممتاز ماہر تعلیم و بزمِ اردو ادب جلگاؤں ڈاکٹر عبد الکریم سالار کی صدارت میں ہوگا ۔اس اہم تقریب میں مہمانان خصوصی کے طور پر ممتاز ماہرین تعلیم جناب اعجاز احمد ملک،جناب عبد المجید زکریا،جناب مفتی محمد ہارون ندوی اور جناب ایڈوکیٹ عقیل اسمعیل شرکت کریں گے ۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ الفیض فاؤنڈیشن اور بزمِ اردو ادب جلگاؤں کے ذریعہ ہر سال اُردو زبان و ادب کے میدان میں نمایاں خدمات انجام دینے والے اشخاص کو نشان فیض ایوارڈ سے سرفراز کیا جاتا ہے ۔امسال باوقار نشان فیض ایوارڈ سے ممتاز محقق و ادیب،سینئر صحافی ڈاکٹر مہتاب عالم کو جہاں سرفراز کیا جائے گا وہیں اُردو کارواں ممبئی کے ذمہ دار جناب فاروق خان اور معروف اناؤنسر جناب ہارون عثمانی کو بھی اس ایوارڈ سے سرفراز کیا جائے گا ۔اس موقع پر الفیض فاؤنڈیشن اور بزمِ اردو ادب جلگاؤں کے ذریعہ اُردو شعر و ادب میں نمایاں خدمات کے لیے جناب رئیس فیض پوری کو سیف بھساولی ایوارڈ،جناب راغب بیاولی کو مقیم اثر بیاولی ایوارڈ،جناب قیوم اثر کو فاروق اعظمی ایوارڈ اور جناب صلاح الدین ادیب کو شمس اعجاز سے نوازا جائے گا ۔اسی طرح اُردو زبان و ادب کی آبیاری میں نمایاں خدمات کے لیے ڈاکٹر مہیندر کمار پگارے، ڈاکٹر مول چند اداسی اور سنیل کمار ہسوانی کو محب اردو اعزاز سے سرفراز کیا جائے گا ۔دو تنظیموں کے ذریعہ اس موقع پر اُردو شعر و ادب کے نئے فنکاروں کی حوصلہ افزائی کے لیے اسید اشہر اور عاطف عدنان کو ابھرتی ہوئی صلاحیت اعزاز سے نوازا جائے گا ۔جن اشخاص کو ایوارڈ سے سرفراز کیا جائے گا انہیں شال، یادگاری نشان کے ساتھ تحفہ خلوص کے طور نقد نذرانہ بھی پیش کیا جائے گا ۔منتظمین نے اہل نظر سے بڑی تعداد میں شرکت کی درخواست کی ہے ۔









