بھوپال:13نومبر:آج نماز جمعہ کے اپنے معمول کے خطاب میں قاضی شہر حضرت مولانا سید مشتاق علی ندوی مد ظلہٗ نے موتی مسجد بھوپال میں مصلیوں سے رو برو ہوتے ہوئے فرمایا کہ اللہ کا احسان ہے کہ اس نے دنیاوی مشاغل سے فارغ ہوکر ہمیں اپنے گھر میں آنے کی توفیق بخشی اور یہ توفیق ہم اہل ایمان کو ہمیشہ ملتی رہے کیوں کہ ہماری تخلیق کا حاصل ہی اللہ کی بارگاہ میں اپنی پیشانی کو جھکا دینا ہے ۔ جیسا کہ میں گزشتہ متعدد نماز جمعہ کے خطاب میں حقوق انسانی پر گفتگو کرکے آپ حضرات تک دین کا صحیح صحیح پیغام پہنچانے کی کوشش کرتا رہا ہوں ، آج کے خطاب میں بھی میں ’حقوق‘ پر ہی باتیں کرنا چاہتا ہوں ۔ میرے محترم بزرگو،دوستو اور پیارے نوجوانو! حقوق کے باب میں دین اسلام نے جہاں متعدد انسانی رشتوں کو خصوصیت کے ساتھ اہمیت دی ہے وہیں یتیموں کے حقوق کو کلیدی حیثیت عطا کی ہے ۔ شریعت کی اصطلاح میں ’یتیم‘ ان بچوں کو کہا جاتا ہے، جن کے والد بہ رضائے الٰہی دْنیا سے رْخصت ہوچکے ہوں۔ عموماً یتیم بچہ، شفقت پدری سے محروم ہوکر رشتہ داروں اور معاشرے کے رحم و کرم کا محتاج ہوجاتا ہے۔ باپ کی موجودگی بچوں کے لئے تحفظ، اَمان، محبت، شفقت اور رحمت کا باعث ہوتی ہے۔ کسی گھرانے کا سربراہ، ایک باپ اپنے خاندان کیلئے سایہ دار شجر کی مانند، مضبوط محافظ، بہترین نگراں، محفوظ ڈھال کی حیثیت رکھتا ہے، تو اہل و عیال کی کفالت، حفاظت اور تربیت کے لئے اپنا تن، من، دھن بھی قربان کرنے سے دریغ نہیں کرتا، لیکن جوں ہی اس کی آنکھیں بند ہوتی ہیں بچوں کے سر سے تحفظ کا سایہ چھن جاتا ہے۔ پورا گھر بے سہارا و بے آسرا ہوجاتا ہے۔ سگے، اجنبی بن جاتے ہیں۔ قرابت دار، نگاہیں بدل لیتے ہیں۔ پڑوسی، حقیر سمجھنے لگتے ہیں۔ شقی القلب رشتے دار بھوکے گِدھ کی طرح ان کے اَثاثوں اور جائیداد کو ہتھیانے کے لئے ٹوٹ پڑتے ہیں اور پھر ان معصوم یتیموں پر ظلم و ستم کا ایک نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے۔ زمانے کے بے رحم تھپیڑے ان بے آسرا بچوں کو خزاں رسیدہ درخت کے ٹوٹے، سوکھے پتّوں کی طرح سماج کے سفاک قدموں میں روندنے کے لئے چھوڑ دیتے ہیں۔یہ صورت حال پوری دنیا،ہر ملک ،ہر شہر اور ہر گائوں میں نظر آتی ہے ،ہمارا بھوپال بھی اگرچہ یتیموں کے تعلق سے قدرے بیدار ہے تاہم ابھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے ۔
قاضی شہر نے فرمایا کہ بدقسمتی سے اکیسویں صدی کے اس دَور میں بھی ہمارے معاشرے میں بہت سے ایسے گھرانے نظر آتے ہیں کہ جہاں ناز و نعم میں پلنے والے بچّے، شفقتِ پدری سے محرومی کے بعداپنے رشتے داروں کی سرپرستی میں غلاموں سے بھی بدتر زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ حتیٰ کہ گھروں سے بھاگ کر خانقاہوں، مزاروں اور یتیم خانوں میں پلنے والے بچوںکی اکثریت ایسے ہی یتیم بچوںپر مشتمل ہے۔
بلاشبہ، اسلام کا معاشرتی نظام، نسلِ انسانی کی بقاء اور عزّت وقار کا محافظ ہے کہ جس کے تحت تمام لوگوں کی طرح، یتیموں کے حقوق کا بھی خصوصی تعیّن کردیا گیا ہے۔ اللہ رب العزت نے قرآن کریم میں تیس مختلف مقامات پر یتیموں کی پرورش کے بارے میں احکامات نازل فرمائے ہیں۔ اسی طرح بے شمار احادیثِ مبارکہ بھی ہیں، جن میں یتیموں کی کفالت و تربیت پر بے پناہ اَجر اور عظیم انعام و اکرام کی بشارت دی گئی ہے۔
قاضی شہر نے فرمایا کہ اسلام نے ہمیں تعلیم دی ہے کہ ان بچوں کے ساتھ بھی ویسا ہی سلوک کیا جائے، جیسا اپنے سگے بچوں کے ساتھ کیا جاتا ہے۔ ان کی تعلیم، لباس، رہن سہن، کھانے، پینے سمیت دیگر تمام سہولتوں کا خصوصی خیال رکھا جائے۔ان کے ساتھ محبت، پیار و شفقت کا برتائو کیاجائے تاکہ وہ کسی بھی طرح کی احساسِ محرومی کا شکار نہ ہوں۔ شفقتِ پدری سے محروم ان بچوںکے ساتھ حسنِ سلوک، جنت کے حصول کا ذریعہ ہے۔ امام الانبیاء ، خاتم الانبیاء، سیّدالمرسلین، رحمتِ دوجہاں، محسنِ انسانیت، سرورِ کائنات حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم حالتِ یتیمی میں دْنیا میں جلوہ افروز ہوئے۔
حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی دنیا میں آمد سے تقریباً چھ ماہ قبل ان کے والد ماجد، حضرت عبداللہ انتقال فرماگئے تھے اور ابھی نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم 6 برس ہی کے تھے کہ والدہ ماجدہ بھی مدینے سے مکّہ واپسی کے دوران رحلت فرماگئیں۔پھر ’’درّیتیم‘‘ کی حیثیت سے اپنے دادا، حضرت عبدالمطلب کے زیرِنگرانی پرورش پارہے تھے کہ وہ بھی رحلت فرماگئے۔ قرآنِ کریم میں اللہ اپنے محبوب کو مخاطب کرتے ہوئے فرماتا ہے ’’بھلا اس (اللہ) نے آپ کو یتیم پاکر جگہ نہیں دی (بے شک دی) اور رستے سے ناواقف دیکھا تو سیدھا راستہ دکھایا اور تنگ دست پایا، تو غنیٰ کردیا۔ (سورۃالضحیٰ ) اسی آیت میں اللہ فرماتا ہے کہ ’’اے میرے محبوب !ہم نے آپ کی یتیمی کے باوجود کفالت و سرپرستی کا انتظام کیا۔ قناعت و تونگری عطا کی، رسالت و نبوت کے عظیم منصب پر فائز کیا۔‘‘اور آگے اللہ تعالیٰ فرماتا ہے’’ ( اب آپ بھی دْنیا کو پیغام دے دیجئے کہ)تو تم بھی یتیم پر سختی نہ کرنا اور مانگنے والے کو جھڑکی نہ دینا اور اپنے رب کی نعمتوں کو بیان کرتے رہنا۔‘‘ (سورۃ الضحیٰ) حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم یتیموں کے لئے سراپا لطف و عطا، مشعل ِراہ اور مینارئہ نور تھے۔
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ’’ اللہ روزِ قیامت اس شخص کو عذاب نہیں دے گا، جس نے یتیم کے ساتھ حسنِ سلوک کیا۔ شفقت سے پیش آیا اور اس کے ساتھ ہمیشہ نرمی و محبت سے بات کی۔‘‘ قرآنِ کریم اور احادیثِ نبوی میں یتیموں کے ساتھ حسن ِسلوک کی بار بار تلقین کی گئی ہے۔ اللہ فرماتا ہے ’’اور ماں باپ، قرابت داروں، یتیموں، محتاجوں، ہمسایوں ،رشتے داروں، اَجنبی رشتے داروں، مسافروں اور جو تمہارے قبضے میں ہوں (غلام نوکر) ان سب کے ساتھ احسان کرو۔‘‘ (سورۃ النساء ) .









