ممبئی 12نومبر:مہاراشٹر میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے دونوں دھڑوں کے انضمام کی قیاس آرائیوں کے درمیان سیاسی بیان بازی تیز ہو گئی ہے۔ شرد پوار گروپ کے رکن اسمبلی روہت پوار نے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس کو نشانہ بناتے ہوئے سابق نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کو مبینہ طور پر بلیک میل کیے جانے کا معاملہ اٹھایا ہے۔ انہوں نے سوال کیا ہے کہ آخر اجیت پوار کو کون بلیک میل کر رہا تھا اور اس کے لیے احکامات کس نے دیے تھے؟ روہت پوار نے جمعرات کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ کے ذریعے این سی پی کے دونوں دھڑوں کے انضمام سے متعلق جاری قیاس آرائیوں پر اپنا موقف واضح کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں گروپوں کے ایک ساتھ آنے کے سلسلے میں کوئی بات چیت نہیں ہوئی ہے۔ ان کے مطابق بی جے پی کے ساتھ رہتے ہوئے دونوں این سی پی دھڑوں کے انضمام کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
روہت پوار نے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس کے اس بیان پر بھی اعتراض کیا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ دونوں دھڑوں کے انضمام کے بارے میں فیصلہ شرد پوار اور سنیترا پوار ہی بتا سکتے ہیں، تاہم بی جے پی سے مشورہ کیے بغیر ایسا کوئی فیصلہ نہیں ہوسکتا۔ روہت نے فڑنویس کے اس موقف کو اقتدار کا تکبر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کہنا کہ بی جے پی کی رضامندی کے بغیر دونوں جماعتیں ایک نہیں ہوسکتیں، اقتدار میں بیٹھے لوگوں کی ذہنیت کو ظاہر کرتا ہے۔ روہت پوار نے اپنی پوسٹ میں پونے کے موندھوا زمین معاملے اور پمپری چنچوڑ میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ انتخابی مہم کے دوران اجیت پوار کو زمین کے اس معاملے میں بلیک میل کرنے کی کوشش کی گئی تھی، لیکن انہوں نے بی جے پی کے دباؤ کے سامنے جھکنے سے انکار کردیا تھا۔









