مدھیہ پردیش کا یوم تاسیس محض ایک تاریخ نہیں، بلکہ ہماری شان دار ثقافتی وراثت، مالامال روایات، ترقی کے سفر اور اجتماعی عزم کا جشن ہے۔ 1 نومبر 1956 کو وجود میں آنے والی ہماری ریاست مدھیہ پردیش نے 7 دہائیوں کے دوران متعدد کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ قدرتی وسائل، دریاؤں، جنگلات، تاریخی ورثے، مذہبی مقامات، قبائلی ثقافت اور محنتی شہریوں سے مالامال یہ ریاست آج ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
بھگوان شری مہاکال کی نگری اجین، ماں نرمدا کی مقدس دھارا، سانچی کا عالمی شہرت یافتہ اسٹوپا، کھجوراہو کا حیرت انگیز فن تعمیر، بھیم بیٹکا کا تاریخی ورثہ اور قبائلی سماج کی شان دار روایات ہماری شناخت ہیں۔ مدھیہ پردیش کا یہی تنوع ہماری طاقت ہے۔ آج ہمارا مقصد اس ورثے کو محفوظ رکھتے ہوئے ترقی کی نئی بلندیوں کو حاصل کرنا ہے۔
سال 2026 کو ہم کسانوں کی فلاح و بہبود کے سال کے طور پر منا رہے ہیں۔ اسی جذبے کے تحت اس سال مدھیہ پردیش کے یوم تاسیس کا بنیادی تصور ’’خوشحال کسان، خوشحال ریاست‘‘ ہے۔ ہمارا یقین ہے کہ کسان خوشحال ہوگا تو گاؤں خوشحال ہوں گے اور گاؤں خوشحال ہوں گے تو مدھیہ پردیش خود انحصاری کی جانب تیزی سے آگے بڑھے گا۔ مدھیہ پردیش ایک زرعی ریاست ہے۔ ہمارے کسان ریاست کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ کسانوں کی آمدنی میں اضافہ، زراعت کو منافع بخش بنانا اور کھیتی کو جدید ٹیکنالوجی سے جوڑنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ اس مقصد کے لیے ریاستی حکومت کسانوں کی فلاح و بہبود کے سلسلے میں متعدد اسکیمیں چلا رہی ہے۔
ہم آب پاشی کی سہولتوں میں توسیع، زرعی بنیادی ڈھانچے کی ترقی، قدرتی طریقہ کاشت، بہتر بیجوں، جدید زرعی مشینوں، غذائی اجناس کی پروسیسنگ اور زراعت پر مبنی صنعتوں کو فروغ دے رہے ہیں۔ کھیتی کے ساتھ باغبانی، دودھ کی پیداوار، ماہی پروری اور مویشی پروری جیسی سرگرمیوں کو جوڑ کر کسانوں کے لیے آمدنی کے اضافی مواقع پیدا کیے جا رہے ہیں۔ ہمارا عزم ہے کہ کسان صرف اناج پیدا کرنے والا ہی نہیں، بلکہ معاشی طور پر خود کفیل اور خوشحال بھی بنے۔ کسان کی خوشحالی ہی مدھیہ پردیش کی خوشحالی کی حقیقی بنیاد ہے۔ نوجوان کسی بھی ریاست کی سب سے بڑی طاقت ہوتے ہیں۔ مدھیہ پردیش کے نوجوانوں میں صلاحیت، محنت، توانائی اور جدت طرازی کے بے پناہ امکانات ہیں۔ ہماری حکومت نوجوانوں کو تعلیم، ہنرمندی کی ترقی، روزگار اور خود روزگاری کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے پْرعزم ہے۔ نوجوانوں کو صنعتوں کی ضروریات کے مطابق تربیت، تکنیکی تعلیم اور روزگار پر مبنی ہنر سے جوڑنا ضروری ہے۔ کھیلوں کے شعبے میں بھی مدھیہ پردیش کی صلاحیتوں کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر مواقع فراہم کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ جدید کھیل کے میدان، تربیت کی سہولتیں اور کھیلوں کا بنیادی ڈھانچہ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے کے مواقع فراہم کریں گے۔ ہم چاہتے ہیں کہ مدھیہ پردیش کا نوجوان صرف ملازمت حاصل کرنے والا ہی نہ ہو، بلکہ روزگار فراہم کرنے والا صنعت کار اور سماج کی قیادت کرنے والی شخصیت بھی بنے۔
خواتین کی شراکت کے بغیر ترقی کا تصور نامکمل ہے۔ ہماری حکومت خواتین کو معاشی، سماجی اور تعلیمی طور پر بااختیار بنانے کے لیے مسلسل کوششیں کر رہی ہے۔ خود امدادی گروپوں، خود روزگاری، ہنرمندی کی تربیت اور خواتین کی صنعت کاری کے ذریعے انہیں معاشی خود انحصاری کی جانب آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ خواتین کی سلامتی، صحت، غذائیت اور تعلیم پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ ہمارا ماننا ہے کہ جب خاتون خود کفیل بنتی ہے تو پورا خاندان مضبوط ہوتا ہے۔ اسی لیے خواتین کو صرف سرکاری اسکیموں سے فائدہ اٹھانے والی مستفیدین ہی نہیں، بلکہ ترقی میں شراکت دار اور قیادت کرنے والی شخصیت بنانا ہمارا عزم ہے۔
آج دنیا تیزی سے ٹیکنالوجی اور جدت طرازی کے ذریعے آگے بڑھ رہی ہے۔ مدھیہ پردیش کے نوجوانوں کے خیالات کو کاروبار میں تبدیل کرنے کے لیے اسٹارٹ اپ کلچر کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ نوجوانوں کو رہنمائی، تربیت، سرمایہ کاری کے مواقع اور کاروبار کے لیے سازگار ماحول فراہم ہو۔ زرعی ٹیکنالوجی، صحت، تعلیم، سیاحت، اطلاعاتی ٹیکنالوجی اور مینوفیکچرنگ جیسے شعبوں میں اسٹارٹ اپ کے بے پناہ امکانات ہیں۔ ہم مدھیہ پردیش کو جدت طرازی اور صنعت کاری کا ایک اہم مرکز بنانے کی سمت آگے بڑھ رہے ہیں۔ ہمارا مقصد ہے کہ ریاست کے نوجوان اپنے نئے خیالات کے ذریعے نہ صرف خود ترقی کریں، بلکہ دوسروں کے لیے بھی روزگار کے مواقع پیدا کریں۔
تعلیم کسی بھی سماج میں تبدیلی کا سب سے مؤثر ذریعہ ہے۔ ساندیپنی اسکولوں کا تصور ریاست کے بچوں کو معیاری تعلیم اور بہتر تعلیمی ماحول فراہم کرنے کی سمت ایک اہم پہل ہے۔ ان اسکولوں کے ذریعے جدید تعلیمی سہولتوں، اہل اساتذہ، بہتر بنیادی ڈھانچے اور طلبہ کی ہمہ جہت ترقی پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ گاؤں اور شہر کے بچوں کو یکساں طور پر بہترین تعلیم حاصل ہو۔ تعلیم کے ساتھ تہذیب و ثقافت، کھیل، سائنس، ٹیکنالوجی اور تخلیقی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے۔ آج کے طلبہ ہی ترقی یافتہ مدھیہ پردیش اور ترقی یافتہ ہندوستان کے مستقبل کے معمار ہیں۔
ترقی کے لیے امن اور تحفظ کا ماحول ناگزیر ہے۔ ہماری حکومت امن و قانون کو مضبوط بنانے اور جرائم کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل کرنے کے لیے پْرعزم ہے۔ پولیس نظام کو جدید بنانا، ٹیکنالوجی کا استعمال، جرائم پر مؤثر قابو پانا اور شہریوں کی حفاظت ہماری ترجیحات ہیں۔ خواتین، بچوں اور سماج کے کمزور طبقات کے تحفظ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ ہمارا مقصد ایسا مدھیہ پردیش بنانا ہے، جہاں ہر شہری خوف سے پاک ماحول میں زندگی گزار سکے اور سرمایہ کاروں و صنعت کاروں کو بھی محفوظ ماحول فراہم ہو۔
اچھی حکمرانی کا حقیقی مطلب شہریوں کو آسان، شفاف اور مقررہ وقت میں خدمات فراہم کرنا ہے۔ وزیراعلیٰ جن وشواس ابھیان اسی جذبے کو مضبوط بنانے کی سمت ایک اہم پہل ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ سرکاری طریق? کار کو آسان بنایا جائے، غیر ضروری انتظامی پیچیدگیوں کو کم کیا جائے اور شہریوں کو زیادہ سہولت فراہم ہو۔ حکومت کا مقصد شہریوں کو پریشان کرنا نہیں، بلکہ ان کے مسائل حل کرنا ہے۔ عوام کا اعتماد ہی جمہوریت کا سب سے بڑا سرمایہ ہے۔ ہمارا عزم ہے کہ انتظامیہ کو زیادہ جواب دہ، حساس اور عوام پر مرکوز بنایا جائے۔ مویشی پروری مدھیہ پردیش کی دیہی معیشت کی ایک اہم بنیاد ہے۔ یہ کسانوں کی آمدنی بڑھانے اور دیہی علاقوں میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے کا ایک مؤثر ذریعہ ہے۔ مویشیوں کی صحت، علاج، ٹیکہ کاری، نسل کی بہتری، دودھ کی پیداوار اور گئو ونش کے تحفظ کو فروغ دینا ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ مویشی پالنے والوں کو جدید ٹیکنالوجی اور بہتر سہولتوں سے جوڑ کر ان کی معاشی حالت مضبوط بنانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ ہمارا یقین ہے کہ جانوروں کی فلاح و بہبود اور مویشی پروری کو فروغ دے کر دیہی معیشت کو نئی مضبوطی فراہم کی جا سکتی ہے۔
صحت کسی بھی سماج کی سب سے اہم ضرورت ہے۔ ہماری حکومت کی کوشش ہے کہ ریاست کے ہر شہری کو معیاری، آسانی سے دستیاب اور کفایتی طبی سہولتیں فراہم ہوں۔ سرکاری اسپتالوں میں جدید طبی سہولتوں کی توسیع، میڈیکل کالجوں کا قیام، ماہر ڈاکٹروں کی دستیابی، طبی تعلیم اور دیہی علاقوں تک صحت کی خدمات کی رسائی بڑھانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ ماں اور بچے کی صحت، غذائیت، بیماریوں کی روک تھام اور صحت سے متعلق بیداری بھی ہماری ترجیحات میں شامل ہیں۔ ہم ایسا نظام صحت تیار کرنا چاہتے ہیں، جہاں کسی بھی شہری کو بہتر علاج حاصل کرنے کے لیے غیر ضروری دشواریوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ مدھیہ پردیش کا یوم تاسیس ہمیں اپنی کامیابیوں پر فخر کرنے کے ساتھ مستقبل کے تئیں نئی ذمہ داریوں کا احساس بھی دلاتا ہے۔ ہمیں اپنی ثقافتی وراثت، قدرتی وسائل اور شان دار روایات کو محفوظ رکھتے ہوئے ایک جدید، خود کفیل اور ترقی یافتہ ریاست تعمیر کرنی ہے۔
آئیے، مدھیہ پردیش کے یوم تاسیس کے موقع پر ہم سب مل کر ایسی ریاست کی تعمیر کا عزم کریں، جہاں ترقی کے ثمرات سماج کے آخری فرد تک پہنچیں، ہر طبقے کو آگے بڑھنے کا موقع ملے اور ہماری آنے والی نسلیں ایک خوشحال، محفوظ اور خود کفیل مدھیہ پردیش پر فخر کر سکیں۔
مدھیہ پردیش کے تمام باشندوں کو یوم تاسیس کی دلی مبارک باد۔
(رائٹر مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ ہیں)