سیہور۔28؍اکتوبر(پریس ریلیز) سابق مرکزی وزیر اسلم شیر خان سیہور پہنچے، جہاں انہوں نے سینئر لیڈر قطب الدین شیخ کے بھتیجے کی شادی کی تقریب میں شرکت کی۔ اس دوران انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ووٹ چوری کے معاملے پر بڑا بیان دیا۔شادی کی تقریب میں آمد پر متعدد لوگوں نے سابق مرکزی وزیر اسلم شیر خان کا استقبال کیا اور ان کی گلپوشی کرکے خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر انہیں ضلع کی سیاسی صورت حال سے بھی واقف کرایا گیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسلم شیر خان نے کہا کہ انڈیا ووٹرس کلب سے مسلسل لوگ جڑتے جا رہے ہیں۔ اس کی شروعات 2 سال قبل ودیشا سے کی گئی تھی اور اب تک کئی اضلاع میں اس کی تشکیل ہو چکی ہے۔ اس کا مقصد ملک بھر میں جاری ووٹ چوری کے معاملے پر لوگوں کو بیدار کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ووٹر ہی سب کچھ ہیں اور انہی کے ذریعے حکومتیں بنتی ہیں، لیکن بی جے پی ووٹ چوری کرنے کا کام کر رہی ہے۔ اس معاملے میں عوام کو بیدار کرنا ہمارا بنیادی مقصد ہے۔ ودیشا، سیہور، بیتول اور ہردا سمیت کئی اضلاع میں انڈیا ووٹرس کلب تشکیل دیا جا چکا ہے۔