نئی دہلی 25اکتوبر: وزیر اعظم نریندر مودی نے ’من کی بات‘ پروگرام کو لوگوں کی کوششوں کو قریب سے جاننے اور ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کی ایک تیرتھ یاترا قرار دیا ہے۔ 25 اکتوبر کو پروگرام کے 139ویں ایپی سوڈ میں وزیر اعظم نے کہا کہ جو لوگ سماج اور ملک کے لیے جیتے ہیں، وہ اپنے آپ میں ایک تیرتھ کی ہی شکل ہوتے ہیں۔ قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ’’آج سے 12 سال پہلے وجے دشمی کے موقع پر ہم نے ’من کی بات‘ کی شروعات کی تھی۔ تب سے اب تک ہمارا یہ سفر مسلسل جاری ہے۔ اس سفر کے ہم سفر بھی آپ ہیں اور رہنما بھی آپ ہی ہیں۔‘‘
انہوں نے کہا کہ ’’میرے لیے ’من کی بات‘ ملک کے عام شہری کی محنت، اس کے عزم و حوصلے، اس کی وابستگی، اس کی لگن اور خدمت کے جذبے کا گن گان کرنے کا ایک مبارک موقع رہا ہے۔ ہمارے ملک میں صدیوں سے تیرتھ یاترا کی روایت رہی ہے۔ میرے لیے ’من کی بات‘ بھی ملک کے لوگوں کی کوششوں کو قریب سے جاننے اور ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کی ایک تیرتھ یاترا سے کم نہیں ہے۔‘‘ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ جو لوگ سماج اور ملک کے لیے جیتے ہیں، وہ اپنے آپ میں ایک تیرتھ کی ہی شکل ہوتے ہیں۔ گزشتہ 12 برسوں میں ملک کے ہر کونے سے ایسے بہت سے لوگ سامنے آئے ہیں، جن کی غیر معمولی کارکردگیوں کی جانب عام طور پر سماج کی توجہ نہیں جاتی۔ ’من کی بات‘ نے ایسی بے شمار متاثر کن کہانیوں کو آپ سب کے سامنے لانے کا کام کیا ہے۔