نئی دہلی25اکتوبر: کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے ووٹر لسٹوں کی خصوصی گہری نظرثانی (ایس آئی آر) کے خلاف جاری احتجاج کو ’آزادی کی دوسری لڑائی‘ قرار دیتے ہوئے اس عمل کو فوری طور پر روکنے، مستقبل کے تمام انتخابات بیلٹ پیپر کے ذریعے کرانے اور گزشتہ دو برسوں میں ہوئے تمام اسمبلی انتخابات منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ووٹر لسٹوں میں چھیڑ چھاڑ اور اپوزیشن حامیوں کے نام حذف کرنے کے ذریعے جمہوری عمل کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔ بہار کے پہلے وزیر اعلیٰ اور ’شری بابو‘ کے نام سے مشہور کرشنا سنگھ کی 139ویں یوم پیدائش کے موقع پر منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کھڑگے نے راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی نظریاتی سمت پر بھی سخت تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ ان تنظیموں کی نظریات ملک میں تقسیم کو مزید گہرا کر رہے ہیں۔
کھڑگے نے کہا، ’’جب تک آر ایس ایس کی نظریات ختم نہیں ہوں گی، تب تک ملک میں امن نہیں ہوگا۔‘‘ کانگریس صدر نے ووٹر لسٹوں میں بے ضابطگیوں اور انتخابی عمل میں الیکشن کمیشن کے کردار پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ عوام کو انتخابی نظام میں شفافیت اور جواب دہی ملنی چاہیے۔
انہوں نے لوگوں سے سڑکوں پر اترنے، اپنے حقوق کے لیے لڑنے اور آئین کی حفاظت کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مغربی بنگال، ہریانہ، بہار اور مہاراشٹر میں ’ووٹ چوری‘ کے ذریعے حکومتیں حاصل کی گئی ہیں۔ کھڑگے نے کہا کہ ان ریاستوں میں مبینہ طور پر ووٹوں کی چوری کے ذریعے اقتدار میں آنے والی حکومتوں کو ہٹانا ہوگا۔ یہ الزامات کانگریس صدر نے اپنے خطاب کے دوران عائد کیے۔ کھڑگے نے کہا کہ ووٹ دینے کا حق ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر، جواہر لعل نہرو اور شری بابو جیسے رہنماؤں کی کوششوں سے آئین کے ذریعے ملا۔ انہوں نے کہا کہ آزادی سے پہلے خواتین، غریبوں اور کسانوں کو ووٹ دینے کا حق حاصل نہیں تھا، لیکن آئین نے تمام شہریوں کو جمہوری عمل میں حصہ لینے کا موقع فراہم کیا۔