بھوپال:25؍اکتوبر:وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو مدھیہ پردیش کے یوم تاسیس پر ریاست کے 102 طلباء و طالبات کو بھگوان شری کرشن میرٹ اسکالرشپ فراہم کریں گے۔ ہر فاتح کو ایک لاکھ روپے کی اسکالرشپ اور سرٹیفکیٹ دیا جائے گا۔وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ بھگوان شری کرشن میرٹ اسکالرشپ اسکیم بھگوان شری کرشن کے فلسفہ حیات، شخصیت، ہندوستانی علمی روایت، ثقافت، تعلیم اور زندگی کی اقدار سے آنے والی نسل کو جوڑنے کے مقصد سے شروع کی گئی ہے۔وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے تمام 102 باصلاحیت طلباء و طالبات کو دلی مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام طلباء کی صلاحیت، محنت اور علم کے تئیں لگن ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے نیک خواہشات کا اظہار کیا کہ بھگوان شری کرشن کے آدرشوں سے تحریک حاصل کرکے سبھی زندگی میں نئی بلندیوں کو حاصل کریں اور مدھیہ پردیش کا وقار بڑھائیں۔
شری کرشن پاتھیہ نیاس کی جانب سے بھگوان شری کرشن میرٹ اسکالرشپ کے لیے دونوں زمروں (اسکول اور کالج/یونیورسٹی) میں لاٹری کے ذریعہ طلباء کا انتخاب کیا گیا ہے۔ ضلع وار انتخاب میں کھنڈوا ضلع کے سب سے زیادہ 6 طلباء فاتح قرار پائے ہیں۔ اشوک نگر، بڑوانی، نرمداپورم، سیونی، سنگرولی اور امریا سے 4-4 طلباء کا انتخاب ہوا ہے۔ وہیں برہان پور، چھترپور، گنا، جھابوا، کٹنی، مؤگنج، ساگر، ستنا، شیوپور اور اجین سے 3-3 طلباء منتخب ہوئے ہیں۔
وزیر اعلیٰ کے ثقافتی مشیر اور شری کرشن پاتھیہ نیاس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مسٹر شری رام تیواری نے کہا کہ اسکیم کے تحت مقابلے کا آن لائن انعقاد 11 اگست سے 30 ستمبر 2026 تک کیا گیا۔ مقابلے میں مجموعی طور پر 63 ہزار 736 طلباء نے رجسٹریشن کرایا، جن میں سے 58 ہزار 99 شرکاء نے سوالنامہ حل کیا۔ مقابلے کی مدت کے دوران ویب سائٹ پر 7 لاکھ 94 ہزار 700 سے زائد وزٹس ریکارڈ کی گئیں۔
مسٹر شری رام تیواری نے بتایا کہ 23 اکتوبر 2026 کو سب سے زیادہ نمبر حاصل کرنے اور کم سے کم وقت میں سوالنامہ حل کرنے والے دونوں زمروں کے شرکاء میں سے قواعد کے مطابق 5,514 شرکاء کی میرٹ لسٹ تیار کی گئی۔ اس میرٹ لسٹ میں سے لاٹری کے ذریعہ 102 طلباء و طالبات کا انتخاب کیا گیا۔
فاتحین کے نام ویب سائٹ https://shrikrishnapatheynyas.com/پر اپ لوڈ کئے جا چکے ہیں۔