لکھنو8اکتوبر: اتر پردیش سے عام آدمی پارٹی کی سابق قومی ایگزیکٹو رکن اور موجودہ ریاستی خواتین صدر نیلم یادو، بہوجن سماج پارٹی کے سینئر لیڈر پرمانند گرگ، مرکزی حکومت میں افسر رہ چکے درگا پرساد اور بجنور کے سینئر سماجی کارکن حاجی امام الدین انصاری سمیت کئی اہم شخصیات نے جمعرات (8 اکتوبر) کو کانگریس کی رکنیت حاصل کر لی۔ کانگریس کے اتر پردیش انچارج راجندر پال گوتم کی موجودگی میں ان رہنماؤں نے دہلی واقع پارٹی ہیڈکوارٹر میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران کانگریس کا دامن تھاما۔ اس موقع پر راجندر پال گوتم نے کہا کہ ’’بی جے پی کی بدانتظامی سے تنگ آکر روزانہ متعدد لوگ کانگریس میں شامل ہو رہے ہیں۔‘‘
راجندر پال گوتم نے مزید کہا کہ ’’آج کانگریس ہی واحد ایسی پارٹی ہے جو راہل گاندھی کی قیادت میں پورے انڈیا اتحاد کو ساتھ لے کر ملک کی جمہوریت اور آئین کو بچانے کی لڑائی لڑ رہی ہے۔ اسی سلسلے میں اتر پردیش سے عام آدمی پارٹی کی سابق قومی ایگزیکٹو رکن اور موجودہ ریاستی خواتین صدر نیلم یادو کانگریس میں شامل ہو رہی ہیں۔ غازی آباد سے پرمانند گرگ اور حکومت ہند میں افسر رہ چکے درگا پرساد بھی اپنے کئی ساتھیوں کے ساتھ کانگریس پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں۔‘‘ کانگریس پارٹی میں شامل ہونے کے بعد نیلم یادو نے کہا کہ ’’آج ملک کو کانگریس اور راہل گاندھی کی ضرورت ہے، کیونکہ یہی وہ پارٹی ہے جو ہمیشہ سے جمہوریت کو مضبوط بنانے میں مصروف رہی ہے۔ ہم سب دیکھ رہے ہیں کہ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی اور پوری پارٹی جمہوریت اور آئین کے تحفظ کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔
میں نے اتر پردیش میں عام آدمی پارٹی کو 12 سال دیے، لیکن عآپ کی اعلیٰ قیادت اپنے کارکنان سے کٹی ہوئی ہے، جس کی وجہ سے لوگ خود کو دھوکا کھایا ہوا محسوس کر رہے ہیں۔ میں آج کانگریس پارٹی میں شامل ہو رہی ہوں۔ میری لوگوں سے اپیل ہے کہ وہ جمہوریت اور آئین کے تحفظ کے لیے کانگریس پارٹی کے ساتھ آئیں۔‘‘









