نئی دہلی 8اکتوبر:اسپیس ایکس کے سربراہ ایلون مسک نے الزام لگایا ہے کہ کچھ بااثر صنعت کار ہندوستان میں ان کی کمپنی اسٹارلنک کی سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس کی انٹری روک رہے ہیں، تاکہ ملک کے لوگوں پر اپنی اجارہ دارانہ گرفت برقرار رکھ سکیں۔ تاہم حکومت ہند نے مسک کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں سیٹلائٹ مواصلاتی خدمات کے لیے ضابطہ کار فریم ورک منصفانہ اور غیر امتیازی ہے۔ مسک نے ایکس پر ایک پوسٹ کے جواب میں لکھا کہ ’’بدقسمتی سے، ہمیں کچھ خاص صنعت کار روک رہے ہیں، تاکہ ہندوستانی لوگوں پر ان کی ’اجارہ دارانہ‘ گرفت بنی رہے۔ آپ اندازہ لگا سکتے ہیں کہ وہ کون ہیں۔۔۔ یہ ہندوستان کے لوگوں کے خلاف جرم ہے!‘‘ مسک نے ان صنعت کاروں یا کمپنیوں کے نام نہیں بتائے۔
جس پوسٹ پر مسک نے ردعمل دیا، اس میں کہا گیا تھا کہ ہندوستان میں اسٹارلنک کی ضرورت ہے کیونکہ اب بھی بڑی تعداد میں گاؤں براڈ بینڈ انٹرنیٹ سے محروم ہیں۔ مسک نے اس کے بعد کہا کہ اسٹارلنک ہندوستان میں ان لوگوں کو تیز رفتار اور نسبتاً کم قیمت انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی فراہم کر سکتا ہے جو موجودہ قیمتوں کے باعث اس کا استعمال نہیں کر پا رہے یا جن کے پاس انٹرنیٹ کنکشن ہی نہیں ہے۔ مسک کے بیان کے ایک روز قبل نئی دہلی میں جاری انڈیا موبائل کانگریس 2026 میں اسٹارلنک کی بزنس آپریشنز کی نائب صدر لارین ڈریئر نے کمپنی کی ہندوستان میں تیاریوں کی تفصیلات بتائی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ اسٹارلنک ہندوستان میں 20 گیٹ وے سائٹس قائم کر چکا ہے، جہاں سیکڑوں اینٹینا نصب کیے گئے ہیں۔ کمپنی نے ہندوستانی ضابطوں اور سلامتی کے تقاضوں کے مطابق خصوصی سکیورٹی کنٹرولز بھی تیار کیے ہیں۔
ریلوے ٹریک کے قریب نامعلوم نوجوان کی لاش برآمد
جھنجھنو، 8 اکتوبر (یواین آئی) راجستھان کے جھنجھنو ضلع کے سورج گڑھ تھانہ علاقے میں جمعرات کو ریلوے ٹریک کے قریب ایک نامعلوم نوجوان کی لاش ملنے سے علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ لاش بھاوتھڑی-کاسنی کے درمیان ریلوے ٹریک کے قریب ملی۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور جائے وقوعہ کا جائزہ لیا۔ پولیس لاش کی شناخت کی کوشش کر رہی ہے۔









