سارنگ پور:08؍اکتوبر:(پریس ریلیز) مدھیہ پردیش اردو اکادمی، مدھیہ پردیش سنسکرتی پریشد اور محکمۂ ثقافت کے زیرِ اہتمام ’’بزمِ سخن‘‘ کے تحت 7 اکتوبر کو سارنگ پور میں مزاحیہ مشاعرے کا انعقاد کیا گیا۔ ملک کے مختلف شہروں سے آئے ہوئے شعراء نے مزاح، طنز اور سماجی موضوعات سے متعلق اپنی تخلیقات کے ذریعے سامعین کو دیر تک محظوظ کیا۔ پروگرام میں بڑی تعداد میں ادبی شائقین نے شرکت کی اور شعراء کی پیشکش پر دیر تک تالیاں گونجتی رہیں۔
اس موقع پر مدھیہ پردیش اردو اکادمی کی ڈائریکٹر ڈاکٹر نصرت مہدی نے کہا کہ طنز و مزاح شاعری کی ایک نہایت پُرلطف اور مؤثر صنف ہے۔ اس میں شاعر ہنسی اور مسکراہٹ کے ذریعے معاشرے، رشتوں اور روزمرہ زندگی کی ناہمواریوں اور تضادات کو سامنے لاتا ہے۔ اچھا مزاح صرف ہنساتا ہی نہیں بلکہ اپنے آس پاس کے حالات پر غور و فکر کرنے کی ترغیب بھی دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مدھیہ پردیش اردو اکادمی کا مقصد اردو شاعری اور ادب کی مختلف اصناف کو ریاست کے مختلف شہروں اور قصبوں تک پہنچانا اور مقامی ادبی صلاحیتوں اور سامعین کو قومی سطح کے تخلیق کاروں سے جوڑنا ہے۔ سارنگ پور کا اپنا ایک ادبی اور ثقافتی ماحول ہے اور یہاں شاعری کو سمجھنے اور اچھی شاعری پر داد دینے والے سامعین کی بڑی تعداد موجود ہے۔ ایسے میں سارنگ پور میں مزاحیہ مشاعرے کا انعقاد اکادمی کی ادب کو عوام تک پہنچانے کی کوشش کا ایک حصہ ہے۔
ڈاکٹر نصرت مہدی نے پروگرام کے مقامی کنوینر علیم قریشی، بزرگ شاعر پنکج پلّاش اور ضلع کوآرڈینیٹر امن جادون کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مقامی سطح پر ان کے تعاون سے پروگرام کو کامیاب بنانے میں اہم مدد ملی۔
مقامی کنوینر علیم قریشی نے کہا کہ سارنگ پور کا ادبی ماحول ہمیشہ سے ادب اور شاعری کے لیے سازگار رہا ہے۔ یہاں کے سامعین شاعری کی باریکیوں کو سمجھتے ہیں اور اچھے کلام پر دل کھول کر داد دیتے ہیں۔ انہوں نے سارنگ پور میں مزاحیہ مشاعرے کے انعقاد کے لیے مدھیہ پردیش اردو اکادمی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اکادمی کی جانب سے چھوٹے شہروں اور مقامی ادبی مراکز تک اس طرح کے معیاری پروگرام پہنچانا ایک قابلِ تحسین قدم ہے۔
اس موقع پر شعراء کی جانب سے پیش کیے گئے چند منتخب اشعار:
روز سویرے بہت دیر تک سویا بھی جا سکتا ہے
موبائل پر بات چیت میں کھویا بھی جا سکتا ہے
سیکھ لیا ہے ساسو ماں سے ان کی پیاری بیٹی نے
شوہر میلا ہو جائے تو دھویا بھی جا سکتا ہے
ساجد ہاشمی، راج گڑھ
اتنے نزدیک آ کبھی میرے
میں تجھے دیکھ تک نہیں پاؤں
پنکج پلّاش، شاجاپور
ہم سنورتے ہی سنورتے ہی رہے اُس کے لیے
وہ مل کے پڑوسن سے جائے تو دل دکھتا ہے
ڈاکٹر پروین کیف، بھوپال
پڑھ رہا تھا میں بغیر چشمے کے جب اپنا کلام
صاف لکھا تھا بہتر جس کو بہتر پڑھ گیا
انتہا تو تب ہوئی جب تالیوں کی گونج میں
ایک اکتوبر کو میں گیارہ کبوتر پڑھ گیا
کلیم ثمر بدایونی
بھوک میں چاند نظر آئے تو روٹی سمجھیں
اور کبھی ریل کے ڈبے کو حویلی سمجھیں
نِکہت امروہوی، امروہہ
ہم اُس سے عشق فرمانے گئے تو باپ نے اُس کے
ہماری ٹانگ توڑی اور ہمارا سر منڈایا ہے
ہماری دیکھ کر حالت کہا معشوق نے ہنس کر
’’بہاروں پھول برساؤ، میرا محبوب آیا ہے۔‘‘
سکندر حیات ’گڑبڑ‘، روڑکی
روح نے جانے سے پہلے جسم سے اتنا کہا
آشنا ہونے سے پہلے بھی تو ہم انجان تھے
امن جادون، شاجاپور
میں اَلال ہوں تو گلہ ہے کیا، میری خواہشیں ہیں ترقیوں کی
مجھے نقشِ پا نہیں مل رہے کسی کامیاب اَلال کے
انور محمد ’شان‘، بھوپال
جب جائیں گے اس دنیا سے
اونچا کر کے سر جائیں گے
لکشمن نیپالی، سانچی
مشاعرے کی نظامت دھار کے معروف مزاحیہ شاعر سندیپ شرما نے اپنے مخصوص، پُرلطف اور دلچسپ انداز میں کی۔ ان کی نظامت نے پروگرام کے ماحول کو مسلسل پُرجوش اور زندہ رکھا اور سامعین کو شعراء کی پیشکش سے جوڑے رکھا۔پروگرام کے اختتام پر ممتاز خان نے تمام شرکاء، شعراء اور سامعین کا شکریہ ادا کیا۔









