بھوپال، 2 اکتوبر: مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ کے انکم ٹیکس محکمے کے افسران اور ملازمین نے ’سوچھتا ہی سیوا‘ مہم کے تحت ’ایک دن، ایک گھنٹہ، ایک ساتھ‘ کے عنوان سے صفائی مہم کا اہتمام کیا۔ ڈی جی انوسٹی گیشن بجوئے کمار پانڈا کی سرپرستی اور موجودگی میں بھوپال کے پرانے انکم ٹیکس بھون اور اس کے اطراف کے علاقوں میں مختلف شاخوں کے عملے نے خود صفائی کر کے مہم کو کامیاب بنایا۔ اس صفائی مہم سے قبل نیشنل اکیڈمی آف ڈائریکٹ ٹیکسز (آر ٹی آئی) کے علاقائی احاطے میں ’کون بنے گا کرپتی (کے بی کے) سیزن-02‘ کے گرینڈ فائنلے کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ اور ناگپور زون کے 550 ملازمین نے شرکت کی۔ دو مراحل کے بعد فائنل میں پہنچنے والے شرکاء سے نئے انکم ٹیکس قوانین پر سوالات پوچھے گئے، جس میں انسپکٹر کیٹیگری میں دشینت کمار گپتا اور آئی ٹی او کیٹیگری میں کرشن کمار چودھری فاتح قرار پائے۔
اس پروقار تقریب کے دوران انکم ٹیکس افسر سنتوش کمار نگم کی تصنیف کردہ معلوماتی کتاب ’ٹیکسیشن جرنی تھرو ویدک پیریڈ ٹو ماڈرن ایرا‘ کی باقاعدہ رسمِ اجرا بھی انجام دی گئی۔ اس کتاب میں قدیم ویدک دور سے لے کر مختلف تاریخی ادوار کے ٹیکس نظام اور جدید انکم ٹیکس فریم ورک کے ارتقا کا تفصیلی احاطہ کیا گیا ہے، جس کی پہلی جلد تقریب کے مہمانِ خصوصی کو پیش کی گئی۔ جوائنٹ انکم ٹیکس کمشنر ساگر شریواستو اور مصنف سنتوش کمار نگم نے کوئز ماسٹر کے فرائض انجام دیے۔