بھوپال:02؍اکتوبر:وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ اور امداد باہمی مسٹرامت شاہ کے 3 اکتوبر کو مجوزہ بھوپال دورے سے ریاست کو کئی سوغاتیں حاصل ہوں گی۔ اس دوران بھوپال میں منعقد ہونے والی ریاست سطحی گوپالک کانفرنس میں بڑی تعداد میں دودھ کی کوآپریٹو سوسائٹیوں کے اراکین شامل ہوں گے۔ اس کے ساتھ ہی بھوری میں واقع آئیسر (انڈین انسٹی ٹیوٹ آف سائنس ایجوکیشن اینڈ ریسرچ) میں منعقد ہونے والا پروگرام نوجوان نسل کی حوصلہ افزائی کرے گا۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے وزیر مرکزی مسٹرشاہ کی بھوپال آمد اور گوپالک کانفرنس کے انتظامات کا وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ پر جائزہ لیا۔
وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ گوپالک کانفرنس بی ایچ ای ایل دسہرہ میدان میں منعقد کی جا رہی ہے، جس میں آس پاس کے اضلاع کی دودھ کی کوآپریٹو سوسائٹیوں کے اراکین کی بڑی تعداد میں شرکت کا امکان ہے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کانفرنس کے انتظامات کے سلسلے میں ہدایات دیں کہ اراکین کے آمد و رفت، بسوں کی پارکنگ وغیرہ کا مناسب انتظام کیا جائے۔ ہر ضلع سے آنے والی بسوں کے لیے نوڈل افسر مقرر کیا جائے اور انتظامات میں مصروف تمام افراد کنٹرول روم کے ذریعہ باہمی رابطے اور تال میل میں رہیں۔وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے جائے پروگرام پر صفائی، پینے کے پانی، کھانے، سکیورٹی، طبی سہولت، فائر بریگیڈ وغیرہ کے انتظامات کا نکات کی بنیاد پر جائزہ لیا۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ شہر میں بلا رکاوٹ ٹریفک کا انتظام بھی یقینی بنایا جائے۔ میٹنگ میں چیف سکریٹری مسٹر اشوک برنوال سمیت دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے۔









