بھوپال، 6 ستمبر: مدھیہ پردیش کے معروف صحافی، ادیب اور ماہنامہ ’اردو ہلچل‘ و سہ ماہی ’کاروانِ ادب‘ کے مالک جاوید یزدانی صاحب ان دنوں شدید علالت کے باعث دارالحکومت بھوپال کے ایم پی نگر میں واقع پارل اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔ ان کی علالت کی خبر موصول ہوتے ہی ادبی و صحافتی برادری اور بہی خواہوں میں گہری تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، جبکہ اسپتال میں ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم ان کی مستقل نگہداشت میں مصروف ہے۔
صحافت اور ادب کے میدان میں نصف صدی کے قریب نمایاں خدمات انجام دینے والے جاوید یزدانی صاحب نے نہ صرف ہندی روزنامہ ’بھوپال ہلچل‘ کے ذریعے غیر جانبدارانہ صحافت کو فروغ دیا، بلکہ اردو زبان و ادب کی ترویج اور نئے و پرانے قلمکاروں کو متعارف کرانے میں بھی تاریخی کردار ادا کیا ہے۔ ان کی علالت کے پیشِ نظر اہلِ قلم، سماجی شخصیات، صحافیوں اور ان کے تمام چاہنے والوں سے عاجزانہ اپیل کی گئی ہے کہ وہ باری تعالیٰ کے حضور اس مخلص خادمِ اردو کی جلد از جلد اور مکمل صحتیابی، شفائے کاملہ و عاجلہ اور درازیِ عمر کے لیے خصوصی دعائیں فرمائیں۔