بھوپال، 5ستمبر:بھوپال کی تاریخی تاج المساجد میں جمعہ کے روز Hopesphere New World Foundationکے زیرِ اہتمام New Hope Blood Helpline کی پہل پر ”ایک یونٹ ملک کے نام – ایک یونٹ کسی کی زندگی کے نام“ مہم کے تحت خون عطیہ اور مفت آنکھوں کے معائنے کا کیمپ منعقد کیا گیا۔ خون عطیہ کیمپ کا انعقادگاندھی میڈیکل کالج اورحمیدیہ ہاسپٹل بلیڈ بینک کے تعاون سے کیا گیا۔بارش کے باوجود لوگوں کا جوش کم نہیں ہوا۔ بارش میں بھیگتے ہوئے بڑی تعداد میں لوگ کیمپ تک پہنچے اور 62 افراد نے رضاکارانہ طور پر خون کا عطیہ دے کر انسانیت اور عوامی خدمت کا پیغام دیا۔ وہیں 70 افراد نے اپنی آنکھوں کا معائنہ کرایا۔اس پروگرام کی ایک خاص بات خواتین کی قابلِ ذکر شرکت رہی۔ خواتین نے بڑھ چڑھ کر خون کا عطیہ دیتے ہوئے یہ پیغام دیا کہ عوامی خدمت، سماجی خدمت اور ملک کی خدمت کے کاموں میں وہ کسی سے پیچھے نہیں ہیں۔یہ کیمپ نائب قاضیٔ شہر، بھوپال، مولانا مفتی علی قدر حسینی کی رہنمائی میں منعقد کیا گیا۔تاج المساجد جیسے تاریخی مقام سے منعقد ہونے والی اس پہل نے ایک وسیع سماجی پیغام بھی دیا کہ مساجد صرف عبادت کی جگہ ہی نہیں بلکہ معاشرے اور انسانیت کی بھلائی کے کاموں کا مرکز بھی بن سکتی ہیں۔ اس پہل کا مقصد کسی ایک طبقے تک محدود نہ رہتے ہوئے ہر انسان تک خدمت اور بھلائی کا پیغام پہنچانا ہے۔HNWF اور New Hope Blood Helpline کی ٹیم کا کہنا ہے کہ یہ پروگرام ایک طویل سفر کی ایک چھوٹی سی شروعات ہے۔ مستقبل میں ایسے عوامی خدمت کے کاموں کو مزید وسیع پیمانے پر انجام دینے کی کوشش کی جائے گی، تاکہ بھوپال اور ہندوستان سے انسانیت اور خدمت کا پیغام مزید مضبوطی کے ساتھ دنیا تک پہنچے۔”آج تاج المساجد سے 62 افراد نے خون کا عطیہ دیا ہے۔ یہ صرف 62 یونٹ خون نہیں، بلکہ 62 مرتبہ انسانیت کے زندہ ہونے کا پیغام ہے۔ بارش نے راستہ ضرور مشکل کیا، لیکن لوگوں کے حوصلے کو نہیں روک سکی۔“









