نئی دہلی، 31 اگست: آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے ملک کے موجودہ حالات، اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں پر بڑھتے ہوئے مذہبی، سماجی و معاشی دباؤ، ہجومی تشدد، ماورائے قانون بلڈوزر کارروائیوں، عبادت گاہوں و اوقافی املاک پر قبضوں، یکساں سول کوڈ (یو سی سی) کے نفاذ کی کوششوں اور مذہبی آزادی میں مداخلت کے خلاف عدل و انصاف، دستوری بالا دستی، قومی یکجہتی اور امن و امان کے فروغ کے لیے ایک ملک گیر عوامی تحریک ’تحریک تحفظِ دستور و شریعت‘ کا آغاز کرنے کا اعلان کیا ہے۔ بورڈ کے مطابق ہندوستان کا آئین تمام شہریوں کو مساوی حقوق، مذہبی آزادی اور جان و مال کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے، مگر گزشتہ چند برسوں کے دوران پیدا شدہ حالات نے نہ صرف ملک کی ایک بڑی آبادی میں عدم تحفظ کا احساس پیدا کیا ہے بلکہ یہ صورتحال ملک کے جمہوری تانے بانے اور مشترکہ قومی ورثے کے لیے بھی سنگین چیلنج بن چکی ہے، جس کے پیشِ نظر تمام انصاف پسند طبقات، وکلاء، دانشوروں، انسانی حقوق کے کارکنوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کے اشتراک سے ایک باقاعدہ مجلسِ عمل کے تحت یہ پرامن آئینی تحریک چلائی جائے گی۔
اس ملک گیر تحریک کے تحت ملک کے بڑے شہروں میں عوامی اجتماعات و پرامن احتجاج کا انعقاد کیا جائے گا، مسلم اقلیتوں کے خلاف ہونے والی زیادتیوں اور انسانی حقوق کی پامالیوں پر ایک جامع وائٹ پیپر شائع کیا جائے گا، جبکہ انہدامی کارروائیوں اور اوقافی اراضی و مساجد کے قانونی تحفظ سے متعلق ایک جامع کتابچہ (Legal Booklet) بھی جاری ہوگا۔ اس کے علاوہ ہجومی تشدد پر ایک تفصیلی اعلامیہ جاری کرنے کے ساتھ ساتھ ہر ریاست میں گورنرز اور ہر ضلع میں انتظامیہ کے ذریعے صدر جمہوریہ ہند کو مطالبات کا چارٹر (Charter of Demands) پیش کیا جائے گا، جس میں نفرت انگیز جرائم کے خاتمے، مذہبی آزادی کے تحفظ اور یکساں عمل داری کا مطالبہ شامل ہوگا۔ تحریک کے اگلے مرحلے میں سوشل میڈیا و ڈیجیٹل پلیٹ فارمز خصوصاً ایکس (X) پر مؤثر مہم چلانے کے بعد راجدھانی دہلی میں ایک عظیم الشان قومی اجتماع منعقد کیا جائے گا جس میں ملک بھر کے مختلف مکاتبِ فکر اور مذاہب کے نمائندے شریک ہوں گے۔
نئی دہلی میں منعقدہ اہم پریس کانفرنس سے جماعت اسلامی ہند کے امیر و آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے نائب صدر جناب سید سعادت اللہ حسینی، بورڈ کے نائب صدر مولانا محمد علی محسن تقوی، جنرل سکریٹری مولانا محمد فضل الرحیم مجددی، جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا سید محمود اسعد مدنی، بورڈ کے سکریٹری مولانا ڈاکٹر یاسین علی عثمانی بدایونی، مجلسِ عاملہ کے رکن و رکن اسمبلی جناب عارف مسعود، مجلسِ عاملہ کے رکن مولانا محمد ابو طالب رحمانی اور بورڈ کے ترجمان ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاس نے خطاب کیا اور تمام انصاف پسند شہریوں و تنظیموں سے اس تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی۔